• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ، سینیٹ انتخابات میں خفیہ ووٹنگ ختم، دہری شہریت والوں کو الیکشن کی اجازت

اسلام آباد (ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات کے آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد بل کو باضابطہ منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ڈرافٹ بل میں سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری کے بجائے ’اوپن بیلٹنگ‘ کے تحت کروانے اور دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو بھی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

وفاقی کابینہ نے سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب ہونے والے اراکین کے حلف کےلئے 60 سے90 دن کی مدت مقرر کرنے کے لئے الیکٹورل ایکٹ میں ترامیم، مشکوک لائسنسوں کے حامل مزید 22 پائلٹس کے لائسنس منسوخی‘اینٹی ملیریئل ڈرگ اور حفاظتی لباس برآمد کرنے، انفلوئنزا، کینسر سمیت زندگی بچانے والی مختلف 250 ادویات کی ریٹیل پرائسنگ اور مختلف تقرریوں کی منظوری دیدی ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موٹروے ریپ کیس کے ملزم کو شہباز شریف نے 2013ءمیں سزاکیوں نہیں دلوائی‘حمزہ شہبازکی اب اسپتال جاناچاہتے ہیں‘سول ایوی ایشن کی جانب سے 32 پائلٹوں کے لائسنس آئندہ 12 ماہ کیلئے معطل کئے جا رہے ہیں۔

کابینہ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف )کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں عارضی طور پر سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی کو دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ایئر کموڈور فیصل ایاز صدیقی اور ایئر کموڈور محمد عدنان صدیقی کو پاکستان ایئر ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ میں بطور ممبر کمرشل اور ممبر ٹیکنیکل تعینات کرنے کی منظوری دی۔ 

کابینہ نے سول سروسز اکیڈمی کو خود مختار ادارہ بنانے کے حوالہ سے مجوزہ بل ”سول سروسز اکیڈمی بل 2020ء“ کی منظوری دی۔کابینہ نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار ڈاکٹر حامد عتیق سرور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کی ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دی۔ 

کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رجب علی کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرل) پشاور تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/جج بینکنگ کورٹ۔1 فیصل آباد محمد وسیم اختر کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرلIII) لاہور تعینات کرنے کی منظوری دی۔ 

کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ غضنفر علی خان کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرل) راولپنڈی تعینات کرنے کی بھی منظوری دےدی۔ کابینہ نے ممبران پارلیمنٹ کے حلف اٹھانے کی مدت مقرر کرنے کے حوالے سے الیکشن قوانین میں ترمیم کی منظوری دےدی۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 ستمبر 2020ءکے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کیاجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارے (Cabinet Committee on State-owned Enterprise) کے 24 جون2020ءاور 31 اگست 2020ءکے فیصلوں کی توثیق کی۔ 

کابینہ نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیش ٹیکنالوجی کے شعبہ میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اور چین کی منسٹری آف انڈسٹری اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (باہمی مفاہمت کی یادداشت) کی منظوری دےدی۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کے الیکٹرک کا ایشو یہ ہے کہ کراچی کو چار روپے اور کچھ پیسوں میں فی یونٹ مل رہی تھی اور باقی وفاقی حصہ میں تھی ، لائن لاسسز بھی تھے ، اس کی وجوہات اور تفصیلات جاننے کے لئے وفاقی کابینہ نے اس آئٹم کو ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیا ہے ۔

موٹروے واقعہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایسے واقعات افسوسناک ہیں، پوری قوم میں تشویش اور غصے کی لہر اٹھی ہے ، وقت آگیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فوری قانون سازی کی جائے ۔

تازہ ترین