• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جج ویڈیو سکینڈل کے ڈسچارج ملزمان کی گرفتاری کی درخواست مسترد

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد سائبر کرائم کی خصوصی عدالت کے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس حسن نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ کی جج ویڈیو سکینڈل میں ڈسچارج 3 ملزمان کی گرفتاری کیلئے دائر درخواست مسترد کردی۔ منگل کو سماعت کے دوران ایف آئی اے کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ کیس کے ڈسچارج ملزمان غلام جیلانی‘ خرم یوسف اور ناصر جنجوعہ کو گرفتار کرکے مجسٹریٹ کی عدالت پیش کرتے ہوئے 5روزہ جسمانی ریمانڈ لیا گیا جس کے ختم ہونے پر7ستمبر 2019ء کو انہیں دوبارہ مجسٹریٹ کی عدالت پیش کرنے پر مجسٹریٹ نے انہیں کیس سے ڈسچارج کردیا۔ 11ستمبرکو شکایت کنندہ نے ڈی جی ایف آئی اے کے پاس اپیل پیش کرتے ہوئے تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور تحقیقات میں تبدیلی کی درخواست کی جس پر تفتیش تبدیل کردی گئی۔ نئی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ پرانے تفتیشی افسر کی طرف سے ملزمان کو غلط بے گناہ قرار دیا گیا۔ اب ملزمان سے دوبارہ تفتیش کرنا ہے جس کیلئے ان تینوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا ہے عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست مسترد کردی۔
تازہ ترین