• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے سابق کرکٹرز کی تجویز مسترد کردی


وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کپتانوں نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سابق اور موجودہ کپتانوں کی ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے ڈھانچے پر گفتگو کی گئی۔

اس دوران قومی کرکٹرز نے وزیراعظم کے روبرو ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹس کی بحالی کامطالبہ رکھا۔

ذرائع کے مطابق سابق کرکٹرز نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے مقامی کھلاڑی بے روزگار ہوئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سابق کرکٹرز کی تجویز اور مطالبہ مسترد کردیا اور کہا کہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک اسٹرکچر ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے دوران گفتگو کہا کہ پرانا ڈومیسٹک اسٹرکچر ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات کا اندازہ ہے۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اگر ملک میں کرکٹ کو درست کرنا ہے تو ڈومیسٹک ریجن کرکٹ ہی واحد حل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ جب نظام بدلتا ہے تو ایک دم نتائج نہیں آتے، نئے ڈومیسٹک ڈھانچے سے حقیقی ٹیلنٹ اوپر آئے گا۔

اس سے قبل پی ٹی وی اور پی سی بی میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ کرکٹ کے اسٹرکچر کو اگر ہم ٹھیک کرلیں تو پاکستان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، جب بھی اصلاحات کی جاتی ہیں تو اس میں تھوڑی مشکلات آتی ہیں۔

انہوں نے پی ٹی وی اور پی سی بی کے درمیان معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی وی نجی چینلز کیساتھ مقابلہ کرے گا تو لوگ فیس دینا چاہیں گے، پی ٹی وی بہتر ہوگا، تو فیس بھی بڑھا دیں گے۔

تازہ ترین