• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان سے موجودہ اور سابقہ کرکٹ کپتانوں کی ملاقات کل ہوگی


وزیرِاعظم پاکستان عمران خان بدھ کو اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ کے اہم معاملات پر چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور تین سابق اور ایک موجودہ کپتان سے ملاقات کریں گے۔

وزیرِاعظم عمران خان، جو پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، سے ملاقات کرنے والے تین سابق کپتانوں میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور محمد حفیظ کے ہمراہ موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی شامل ہوں گے۔

ملاقات کے لیے ٹی 20 کرکٹ میں 2000 ہزار رنز اور 50 وکٹ لینے والے بین الاقوامی کرکٹ کے واحد آل راؤنڈر محمد حفیظ نے خصوصی درخواست کی تھی۔

محمد حفیظ وزیرِاعظم عمران خان سے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹ کرکٹ کے ختم ہونے اور کرکٹرز کے روزگار کے لیے اہم گفتگو کریں گے۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ اور سابق کرکٹرز کی یہ ملاقات دو ماہ قبل ہونی تھی تاہم کوویڈ 19 اور دورہ انگلینڈ کے سبب نہیں ہوسکی تھی۔

محمد حفیظ کے ہمراہ ملاقات میں شریک قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ چیف سلیکٹر مصباح الحق اب بھی سوئی ناردن گیس کے ساتھ منسلک ہیں۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم جو وزیرِاعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حصہ ہیں، وہ آج بھی پی آئی اے کے ساتھ ہیں۔

احسان مانی کے چئیرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے ڈپارٹمنٹ کرکٹ کو بند کرکے 6 ٹیموں کا فرسٹ کلاس نظام متعارف کروایا گیا تھا۔

اس پر گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے سے لگ بھگ ایک ارب سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔

وزیراعظم سے ہونیوالی ملاقات میں محمد حفیظ ساتھی کرکٹرز کے ہمراہ ڈپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے کے سبب کرکٹرز کو روزگار کے حوالے سے پیش آنیوالی مشکلات اور ڈپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

تازہ ترین