• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بارکونسل کی آل پارٹیز کانفرنس آج، بلاول ،شہباز شریف ودیگر شرکت کرینگے

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل کے زیراہتمام آج (جمعرات) اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرریوں ،متنازعہ احتسابی عمل اور شہری آزادیوں کے عدم تحفظ سے متعلق تشویش اور ان مسائل کی درستگی سے متعلق ایک روزہ آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی ،جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباز شریف سمیت دیگر قومی سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی۔ پاکستان بار کونسل کے اعلامیہ کے مطابق پی بی سی کو انصاف تک رسائی ،شہری آزادیوں پر متواتر حملو ں اور متنازعہ احتسابی عمل کی وجہ سے متعلقہ اداروں کی ساکھ پر عوام کے اٹھتے ہوئے اعتماد پر سخت تشویش ہے ، تاریخی طور پر پی بی سی ہمیشہ ہی شہری آزادیوں کے لئے سرگرم رہی ہے اور محسوس کرتی ہے کہ زبردستی گمشدگی کے بعض مقدمات میں عدلیہ کا رویہ لاتعلقی کاسارہاہے ،اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کامعاملہ بھی پی بی سی کے لئے ہمیشہ ہی تشویش کا باعث رہاہے،جہاں مقدس مقامات کی خواہشات پر شفافیت ،اہلیت اور غیر جانبداری پر مصلحت کی گئی ہے ،پی بی سی کے وائس چیئرمین عابد ساقی ایڈوکیٹ نے بتایاہے کہ پیپلزپارٹی ، پاکستان مسلم لیگ ن ،جے یو آئی کے دونوں دھڑوں، جماعت اسلامی ،عوامی نیشنل پارٹی ، عوامی ورکرز پارٹی اچکزئی اور مینگل سمیت دیگر تمام قومی سیاسی جماعتوں اور قیادت کوشرکت کی دعوت دی گئی ہے،تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے قائد مو لانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے قائد سینٹرسراج الحق اور اے این پی کے قائد اسفندیار ولی نے شرکت سے معذرت کر لی ہے،کانفرنس میں جے یو آئی کی نمائندگی غفور حیدری، جماعت اسلامی کی اسد اللہ بھٹو کرینگے،پی بی سی کی جانب سے پی ٹی آئی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاہم اس کی قیادت کی جانب سے شرکت کے حوالے سے رات دیر گئے تک کوئی جواب نہیں موصول ہوا تھا۔

تازہ ترین