عالمگیر وبا کورونا میں مبتلا بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ملائکہ اروڑا قرنطینہ اختیار کئے بیٹے کو یاد کرنے لگیں، سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ بیٹے کے نام کردی۔
ملائکہ اروڑا نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کو یاد کرتے ایک پوسٹ شیئر کی ہے، انہوں نے بیٹے ارحان خان اور اُس کے پالتو کتے کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ دونوں گھر کی دوسری جانب سے ملائکہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد سب سے صبر آزما دور قرنطینہ کے دن ہوتے ہیں جب مریض کو اے سمٹومیٹک یعنی بنا کسی علامت کے صرف ٹیسٹ مثبت آنے یا ایسے ملک سے واپسی پر جہاں کورونا کی وبا ہو ٹھہرنا ہوتا ہے۔
بالی ووڈ کی مصروف ترین فنکارہ ملائکہ اروڑا بھی ان دنوں کے قرنطینہ کے انہی بوریت بھرے دنوں میں اپنے ساتھ رہنے والوں کو یاد کررہی ہیں۔
ملائکہ اروڑا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیار سرحدوں کی قید سے آزاد ہے، سماجی فاصلہ اور سیلف قرنطینہ کے ساتھ ہم نے ایک دوسرے کو دیکھنے اور ایک دوسرے سے بات کرنے کا طریقہ نکال لیا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’میرا دل یہ سوچ کر ہی ٹوٹ جاتا ہے کہ میں کچھ دن اپنے دونوں بچوں کو گلے نہیں لگا پاؤں گی، ان کے پیارے چہرے مجھے بہت ہمت اور توانائی بخشتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ اداکارہ اپنے متعدد سوشل میڈیا پیغامات میں مداحوں کو گاہے بگاہے قرنطینہ کے بوریت بھرے وقت کے بارے میں بتا رہی ہیں۔
اداکارہ کے پیغامات سے واضح ہوتا ہے کہ اُن کیلئے آئیسولیشن میں رہنا کافی مشکل ہورہا ہے۔
اس سے قبل بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی آرادھیا کورونا میں مبتلا ہوئی تھیں جب کہ بالی وڈ سپر اسٹار دلیپ کمار کے دو بھائی کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔
بھارت میں شوبز اور سیاست سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ عالمگیر وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔