• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے سی ڈی اے ویٹنگ لسٹ، بعض افسران کے تحفظات

اسلام آ باد (نیوزرپورٹر) سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کیلئےسی ڈی اے کے شعبہ ایڈمن نے ویٹنگ لسٹ جاری کردی ہے تاہم بعض افسروں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے جاری کی گئی نئی فہرست میں سنیارٹی کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ متاثرین نے چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ایڈمن سے معاملہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گریڈ 18 کے 30 افسران کو ایف ٹائپ، گریڈ 16 اور 17 کے 187 افسران کو ای ٹائپ اور گریڈ 11 سے 15 کے 290 ملازمین کو ای ٹائپ کے فلیٹ کی الاٹمنٹ کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ ایف ٹائپ کی الاٹنمٹ کیلئے بھی ویٹنگ لسٹ 2006، 2008میں پروموشن پانے والے افسران کو 2020میں پروموشن پانے والے افسران کے ساتھ لا کھڑا کیا گیاہے۔ اسی طرح ای ٹائپ میں بھی 2007اور 2008میں ترقی پانے والے افسران کو 10 سال بعد 2017 میں ترقی پانے والے افسران کے برابر الاٹمنٹ کی تر جیح دی گئی ہے۔ ای ٹائپ کی الاٹمنٹ میں بھی سینارٹی کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ متاثرہ افسروں کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ الاٹمنٹ پر کسی قسم کا کوئی بھی اعتراض قبول نہیں کیا جائیگا اور کوئی بھی نئی درخواست قبول نہیں کی جائیگی جو ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے نا انصافی کی ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیخ ذیشان نے اپنے بھائی شیخ فیضان کو سنیارٹی میںچوتھے نمبر پر لکھ دیا ہے جو 2011میں بھرتی ہوئے جبکہ 2007میں بھرتی ہونے والے جوہر علی کو 151نمبر پر رکھا گیا ہے۔ڈائریکٹر انوائرمنٹ طاہر حسن کا نام فہرست سے ہی غائب ہے۔ انہوں نے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر ایڈمن غلام شبیر نے وضاحت کی ہے کہ ویٹنگ لسٹ پر کیا جا نے والا اعتراض غلط ہے۔ ویٹنگ لسٹ اکا موڈیشن ایلو کیشن رولز 2002 کے مطابق بنا ئی گئی ہے۔ ماضی میں کمیٹیاں بنا ئی جاتی تھیں جن کی رولز میںکوئی گنجائش نہیں ہے لہذا کمیٹیاں توڑدی گئی ہیں ۔ اب صرف میرٹ پر الاٹمنٹ ہوگی البتہ ہر گریڈ کی الگ سنیارٹی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ رول کا سرکلر کیا جا ئے گا اور اعتراضات ضرور سنے جائیں گے تاکہ کسی سے نا انصافی نہ ہو۔
تازہ ترین