• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ بھٹو نے شہید ذوالفقار بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کی جدوجہد کی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میر مرتضیٰ بھٹو کو ان کے 24 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

برسی کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو نے جمہوریت کی علامت، وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے جمہوریت پسند مشن کو بچانے کے لئے زندگی کے شروعاتی دنوں ہی سے جدوجہد کا آغاز کردیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو خاندان نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان اور اس کے عوام کے حقوق کے لئے اپنی جانیں تک قربان کردیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر کبھی مُڑ کر پیچھے نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ سال کے قلیل عرصے کے اندر، شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی شہادت کے بعد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی قتل کردیا گیا تاکہ جمہوریت کو مضبوط کرنے اور انسانی حقوق کی پاسداری کے متعلق عوام کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے سے روکا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی بہادری اور جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور وہ ہر اس شخص کی یادوں میں زندہ و جاوید رہیں گے جو ملک کی جمہوری تحریک سے وابستہ رہا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حالات کیسے بھی ہوں، اُن کی جماعت، اس جدوجہد ک جاری رکھے گی جو شہید بھٹو، شہید بی بی اور شہید مرتضیٰ بھٹو نے شروع کی تھی، انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت و کارکنوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔

تازہ ترین