آپ آف لائن ہیں
جمعہ12؍ربیع الاوّل 1442ھ 30؍اکتوبر2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

پاکستان میں کورونا سے صرف 1 ہلاکت

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 640 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، ایک شخص اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ 259 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 671 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 416 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 6 ہزار 952 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 562 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 92 ہزار 303 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 33 ہزار 626 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 459 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 98 ہزار 368 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 226 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 317 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 258 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 124 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 180 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


کورونا وائرس کے بلوچستان میں 14 ہزار 269 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 450 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 81 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 517 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 67 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 544 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 31 لاکھ 60 ہزار 924 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید