• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

بیلجیئم میں عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ ہفتے کے دوران روزانہ 1100 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں یہ اضافہ 65 فیصد زائد ہے۔ سب سے زیادہ تعداد میں مریض پیر 14 ستمبر کو سامنے آئے تھے ، جن کی تعداد 1717 تھی۔

فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے متعلقہ ادارے سائنسانو کے مطابق اس ہفتے کے دوران 33 ہزار 200 ٹیسٹ روزانہ کیے گئے۔ دوسری جانب اس وباء کے آغاز سے لےکر آج تک بیلجیئم میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد نے ایک لاکھ کا ہندسہ پار کر لیا ہے۔

سائنسانو کے اعدادوشمار کے مطابق ایسے مریضوں کی کل تعداد 100748 رہی جبکہ اس دوران ملک میں 2 اعشاریہ 8 ملین افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے کے دوران اموات کی تعداد 2.7 روزانہ رہی۔ اس طرح بیلجئیم میں کورونا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 9944 ہوگئی ہے۔ بیلجیئم میں کورونا کا Rt نمبر یعنی ری پروڈکشن نمبر 1.36ہے۔

سائنسانو کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک متاثرہ مریض سارے ملک میں ایک اور شخص کو یہ مرض لگا سکتا ہے۔ اس طرح سامنے آنے والے پازیٹیو کیسسز کی تعداد کے لحاظ سے اس وائرس کی منتقلی اور پھیلاؤ کا اندازہ بھی لگا یا جا سکتا ہے۔

بیلجیئم میں کورونا وائرس کے 417 مریض اس وقت اسپتالوں میں ہیں، ان میں سے 78 انتہائی نگہداشت وارڈ میں جبکہ 44 افراد وینٹیلیٹرز پر ہیں۔

تازہ ترین