وفاقی وزیرِاطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اداروں کو نواز شریف کی تقریر کا نوٹس لینا چاہیے۔ نواز شریف 2018 میں کیوں نکالا کی مہم میں بھی ایسی باتیں کر چکے ہیں، ایف اے ٹی ایف بل کی مخالفت کی مہم نواز شریف کی تقریر میں ظاہر تھی۔
شبلی فراز نے کہا کہ اس پر بحث ہونی چاہیے کہ نواز شریف کو بیانیہ کس کی طرف سے دیا جا رہا ہے۔
وزیرِاطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا انتخابات کو مینیج کیا جاتا رہا ہے، نواز شریف بھول گئے کہ وہ خود تین مرتبہ وزیراعظم رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تو پہلی بار وزیراعظم بنے ہیں، یہ خود اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک، اپوزیشن میں ہوں تو جمہوریت خطرے میں ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف باہر بیٹھ کر ہمارے ملک کے قانون کا منہ چڑا رہے تھے، واضح ہوگیا کہ باہر جانے کے لیے بیماری کی شعبدہ بازی کی گئی۔