• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے صحافیوں نے صحافتی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا،روشن خوشید بروچہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیرو سینیٹر اور معروف سماجی رہنماء روشن خورشید بروچہ ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمٰن اور دیگر نے کہا ہے کہ میڈیا ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے آج پوری دنیا کے بارے میں لوگوں کو معلومات پہنچ رہی ہیں کوئٹہ کے صحافیوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے مگر صحافتی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جس پر پوری صحافتی برادری کو فخر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے سلسلے میں اسکولوں کے بچوں کے درمیان منعقدہ تقریری مقابلےکے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل اسکولوں کے بچوں کے درمیان تقریری مقابلہ ہوا جس میں کوئٹہ کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر تقریب کی مہمان خاص سابق سینیٹر و معروف سماجی ورکر خورشید روشن بروچہ نے صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شروع سے کوئٹہ پریس کلب صوبے کے عوام کی آواز بنی ہے ، سیاستدانوں ، بزنس مین ، ملازمین سمیت کسی بھی طبقہ پر جب مشکل وقت آیا تو انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کا ہی سہارا لے کر اپنے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائے مگر آج افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ کوئٹہ پریس کلب کے 50سال پورے ہونے پر منعقدہ تقریب میں کسی شعبے کی نمائندگی نظر نہیں آرہی ہے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ آج پورا کوئٹہ شہر جگمگاتا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی مایوس نہ ہوں بلکہ اپنے کام کو بہتر انداز اور تندہی سے جاری رکھیںصحافی نیک نیتی سے اپنا کام جاری رکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ شعبہ دوبارہ اپنا مقام حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن لینے والوں کے علاوہ حصہ لینے والے تمام طلباء و طالبات جیت گئے ہیں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن صرف نمبرز ہیں۔قبل ازیں کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب نے جس انداز میں عوامی مسائل کے حل، سیاسی ، معاشی، ثقافتی اور سماجی حقوق کی فراہمی جمہوریت کے استحکام کے لئے بہترین کردار ادا کیا ہے اس پر پوری صحافی برادری کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے جمہوریت کی بحالی و استحکام اور عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کیا ہے ۔ تقریب کے آخر میں تقریری مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں تقریب کی مہمان خصوصی روشن خورشید بروچہ نے انعامات تقسیم کئے اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن نے روشن خورشید بروچہ کو کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کیا۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاء کے لئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ۔  
تازہ ترین