• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمی ایوارڈز، ایچ بی او نے30 اور نیٹ فلکس نے21 ٹرافیاں سمیٹیں

ایمی ایوارڈز، ایچ بی او نے30 اور نیٹ فلکس نے21 ٹرافیاں سمیٹیں 


لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ٹیلی ویژن کے آسکرز سمجھے جانے والے ایمی ایوارڈز میں کامیڈی ڈرامہ سیریز’ ʼسکسیشن‘ ٹی وی سیریز’ ʼواچ مین‘ اور کامیڈی سیریز ʼ’شٹ کریک‘ متعدد ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ کورونا وبا کے باعث لاس اینجلس میں ہونے والا ایوارڈ شو روایت سے ہٹ کر ورچوئل یعنی آن لائن ہوا جس میں اداکاروں اور پرڈیوسرز نے اپنے گھر اور دیگر مقامات سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔شو کے دوران کورونا وبا اور امریکا کی سیاسی صورتِ حال سے متعلق لطیفوں کے علاوہ نسلی انصاف کے حوالے سے بھی اپیلیں کی گئیں۔ایچ بی او کی ڈرامہ سیریز’ ʼسکسیشن‘ بہترین ڈرامے کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی جس کی کہانی میڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک گھرانے کے گرد گھومتی ہے۔اداکار جیرمی اسٹرونگ کو ڈرامے میں بہترین اداکاری پر ʼ’بہترین اداکار‘کا ایمی ایوارڈ ملا۔ ڈرامہ سیریز کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ یوفوریا کے لیے زینڈایا کے نام رہا۔مجموعی طور پر’ ʼسکسیشن‘ کو بہترین ہدایت کاری اور بہترین کہانی سمیت سات ایوارڈز ملے۔ٹی وی سیریز ’واچ مین‘ کو کم اقساط کی بہترین سیریز کا ایوارڈ ملا جب کہ مجموعی طور پر یہ سیریز 11ایوارڈ سمیٹنے میں کامیاب رہی۔ ایچ بی او نے مجموعی طور پر 30 اور نیٹ فلکس نے 21 ایمی ٹرافیاں سمیٹیں۔’واچ مین‘ میں پولیس کے جاسوس کا کردار نبھانے والی ریجینا کنگ کو محدود سیریز کی کیٹیگری میں بہترین اداکارہ کے ایمی کا حق دار قرار دیا گیا۔ اسی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ’آئی نو دس مچ از ٹرو‘ کے لیے مارک روفالو کے نام رہا۔ایک رن ڈاؤن موٹل میں رہنے پر مجبور مگر امیر خاندان کے گرد گھومتی کامیڈی سیریز ’شٹ کریک‘ نو ایمی ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔’شٹ کریک‘ کو بہترین کامیڈی سیریز کے ایوارڈ سمیت سیریز میں عمدہ اداکاری پر کینیڈین اسٹارز کیتھرین او ہارا، یوجین لیوی، ان کے بیٹے ڈینئل لیوی اور اینی مرفی کو بھی ایمی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

تازہ ترین