• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم پریمیئر کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ بریڈ فورڈ کا اختتام

​ بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل ) قائداعظم پریمیئر کرکٹ لیگ بریڈفورڈ سیزن کے تمام میچ مکمل ہوگئے۔ کشمیر کرکٹ کلب نے اپنی چیمپئن شپ کا اعزاز کلب کے بانی حاجی محمد بشیر کے نام کر دیا ۔جناح ارینا میں چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے دوران کشمیر کرکٹ کلب کی ٹیم کو قائداعظم لیگ کے بانی خواجہ بشارت حسین نے ٹرافی پیش کی، اس موقع پر خواجہ بشارت حسین نے کلب کے بانی ممبر حاجی محمد بشیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یارکشائر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے حاجی محمد بشیر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔واضح رہے کہ حاجی محمد بشیر گزشتہ ماہ کورونا کا شکار ہوئے تھے اور کئی ہفتے اس وبائی مرض کا مقابلہ کرتے ہوئےخالق حقیقی سے جا ملے۔ کشمیر کلب ڈیوزبری نے اپنی تاریخی جیت کو ان کے نام کرتے ہوئے ان کے نام کا ایوارڈ حاصل کیا، کلب ممبران کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے ان کی محبت کلب کے لیے ان کی بے مثال سپورٹ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا کردار ناقابل فراموش ہے، ٹورنامنٹ کا دوسرا فائنل دلچسپ رہا،خان کرکٹ کلب، پریمیئر سیکشن کے لئے ایک مضبوط ٹیم ثابت ہوئی ،اس نے سیزن 2020 میں ناقابل شکست رہتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کی، بریڈفورڈ کے جناح ارینا میں خان کرکٹ کلب اور سبحان کرکٹ کلب کے مابین دلچسپ فائنل میچ ہوا، جناح ارینا گرائونڈ کی خشک وکٹ پر ڈیڑھ سو رنز سے زائد کے ہدف کا پیچھا کرنا مشکل سمجھا جاتا ہے ۔خان کرکٹ کلب 35 اوورز کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنز کا ایک بڑا ہدف مخالف ٹیم کو دیا، پہلے چھ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان کے بعد کپتان عزیر علی خان اور حسان خان کی مضبوط پارٹنر شپ نے ٹیم کو سہارا دیا، محمد شکیل کے ہاتھوں حسان خان کے آئوٹ ہونے سے رن ریٹ کم ہوا تاہم خان کرکٹ کلب کے بیٹسمینوں نے آخری پندرہ اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور 75 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے35 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر اسکور کو 175 تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے ۔ سبحان کرکٹ کلب کی جانب سے بولرز میں احتشام الدین نمایاں رہے جنہوں نے 39 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں ۔سبحان کرکٹ ٹیم کی جوابی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار ہوگئی، پہلے گیارہ اوورز میں چار وکٹیں گنوا دی اور اسکور ابھی صرف 24 رنز تک ہی پہنچ سکا تھا، محمد شکیل کے چالیس اور احتشام الدین کے تیس رنز سے ٹیم کو کچھ امید پیدا ہوئی تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد یہ امید بھی دم توڑ گئی اور پوری ٹیم 30ویں اوور میں123 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی ۔خان کرکٹ کلب کی جیت میں اوپننگ بولر مہر علی اور ساجد علی نے نمایاں کردار ادا کیا جنہوں نے پہلے چار کھلاڑیوں کو جلدی آوٹ کر کے میچ کا پانسا پلٹ دیا تھا اس کے بعد سبحان کلب کے بلے بار کریز پر نہ ٹک سکے ۔
تازہ ترین