• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف بانی متحدہ کا انجام یاد رکھیں، پرویز الٰہی


اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہر وہ کام نہ کرے جو بانی ایم کیو ایم نے کیا۔

اپنے ایک بیان میں پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ فوج آئینی ادارہ ہے، آئینی حیثیت میں وہ حکومت کے ساتھ جو تعاون کرتا ہے وہ بھی آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے، نواز شریف کا رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ ان کا انجام بھی اپنے ذہن میں رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بانی ایم کیو ایم قومی سیاست میں ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے بھارت کے خطرناک عزائم بھانپتے ہوئے پاک فوج کو جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے اپنی ہی فوج کے خلاف اعلانِ جنگ ملک دشمنی نہیں تو اور کیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے نواز شریف کے فوج دشمن بیان پر شادیانے بجائے، اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا ماضی کی طرح آج بھی نواز شریف بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو آج کشمیریوں کی بھی یاد آ گئی ہے، وہ جب وزیراعظم تھے تو بھارت روزانہ کنٹرول لائن پر بمباری کر کے کشمیریوں کو شہید کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں فوج کنٹرول لائن پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی تھی اور نوازشریف عین اس وقت مودی کے ساتھ پگڑیاں بدل رہے تھے، اس کے گھر والوں کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے۔

تازہ ترین