• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بےنظیر قتل کیس ،اعتزاز شاہ اور شیر زمان کے وارنٹ جاری

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس صادق محمود خرم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بےنظیر بھٹو قتل کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت 19اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے بری ہونے والے دو ملزمان کے پیش نہ ہونے پراعتزاز شاہ اور شیر زمان کے وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔عدالت عالیہ نےضمانتی مچلکوں پر رہاہونے والے ملزمان کوعدالت میں پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا اور سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کونوٹس جاری کر کے طلب کر تے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ تاریخ پر ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔خصوصی عدالت کی طرف سے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری کئے جانے والے دیگرتین ملزمان رفاقت حسین ،حسنین گل اور عبد الرشید تاحال ضمانتی مچلکے جمع نہ ہونے پر رہائی حاصل نہیں کرسکے۔بے نظیر قتل کیس میں ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے مقدمہ میں نامزد ملزم سابق صدر جنرل (ر)پرویزمشرف ،گرفتار 5ملزمان کی بریت کے خلاف اور سابق سی پی او راولپنڈی سعود عزیز اورایس پی خرم شہزاد کو سزائے موت دینے کی اپیلوں کے علاوہ سرکار اور سعود عزیز وغیرہ کی طرف سے بھی الگ سے دائر اپیلیں زیر سماعت ہیں۔
تازہ ترین