• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیرکے مسئلے پر پاکستان اور حریت کانفرنس مشترکہ ایجنڈا دیں، راجہ فاروق حیدر

لوٹن (شہزاد علی) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کشمیر کے مسئلے پر آل پارٹیز حریت کانفرنس اور پاکستان حکومت کو ایک مشترکہ ایجنڈا تخلیق کرنے کی ضرورت ہے وہ چیئرمین گلوبل کشمیر موومنٹ ظفر قریشی کی جانب سے کشمیر پر ایک ویب پروگرام پر اظہار خیالات کر رہے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیر پر باہمی اتفاق رائے پیدا کر کے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ ہندوستان کی حکمران جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کے بالادست سیاسی فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کشمیر پر ایک موثر جواب یہ ہے کہ تمام آپشنز کو مزاکرات کی ٹیبل پر رکھا جائے انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ پاکستان بھارت کے خلاف قانونی آپشنز کے استعمال کے لیے حکومت آزادکشمیر کے ساتھ مل کر کام کرے۔ ڈاکٹررابعہ اختر نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال اگر جاری رہتی ہے تو کشمیر میں 5سال میں مسلم اکثریت کو بدل دیا جائے گا۔ڈاکٹر امتیاز نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیم اس مسئلے پر حتمی موقف اختیار کرے۔ ترکی اور پاکستان کے تعلقات کے ایک ماہر پروفیسر ہلیل ٹوکر نے کہا کہ ترک عوام ہمیشہ کشمیریوں کے جذبات کی حمایت کریں گے۔ ڈاکٹر ولید رسول نے جائزہ پیش کیا کہ کہ ہم اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ پاکستان ہمیشہ مغربی سلامتی کے ڈھانچے کا حصہ رہا ہے۔ میزبان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے آزادانہ عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادی کشمیر کی جدوجہد جاری رہے گی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد پر امن حل حق خودارادیت ہے جس کا بھارت ، پاکستان اور اقوام متحدہ نے وعدہ کر رکھا ہے۔

تازہ ترین