کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینیئرٹی وی آرٹسٹ مرزا شاہی کورونا وائرس کاشکارہونے کے بعد تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔اداکارکے بھتیجے محمد حسن شاہی نے نجی چینل پراس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرزا شاہی گزشتہ2روزسے اسپتال میں داخل ہیں۔
حسن نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والی پیچیدگیوں کے بعد انہیں بدھ کی صبح وینٹی لیٹرپرمنتقل کردیا گیا تھا کیونکہ ان کے آکسیجن کی سطح مسلسل کم ہو رہی تھی۔مرزا شاہی کے بھتیجے کے مطابق اداکار کی اہلیہ اور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا جس کی وجہ سے دونوں قرنطینہ میں ہیں۔ مرزا شاہی کی اہلیہ بھی گزشتہ ایک سال سے بستر علالت پر ہیں۔
گزشتہ روزاداکار یاسرنوازنے انسٹاپوسٹ میں مرزا شاہی کے زیرعلاج ہونے سے متعلق بتایا تھا۔یاسرنےلکھا ” برائے مہربانی مرزا شاہی صاحب کیلئے دُعا کریں ، ان کی حالت تشویشناک ہے اورآپ سب کی دعاوں کی ضرورت ہے ۔ ”مرزا شاہی نے یاسر نواز کی پروڈکشن میں بنائے جانے والے کامیڈی ڈرامہ “نادانیاں ” میں کام کیا تھا ، اس کے علاوہ معروف ڈرامے “قدوسی صاحب کی بیوہ” میں بھی مرزا شاہی کا کردار خوب پسند کیا گیا تھا۔
اس سے قبل دسمبر 2018میں مرزا شاہی کے انتقال کر جانے کی جھوٹی اطلاعات زیرگردش رہیں جس کے بعد انہوں نے ویڈیوبیان میں پُرمزاح انداز میں بتایا تھا کہ ابھی میں زندہ ہوں۔