• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیجی حدید اور زین ملک کے ہاں بیٹی کی پیدائش

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل جیجی حدید کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

زین ملک نے بیٹی کی پیدائش کی اطلاع مداحوں کو ایک سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی، زین ملک نے بیٹی کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں تھامے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ  ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میری بیٹی ہمارے ہاتھوں میں ہے جو خوبصورت اور صحتمند ہے، اپنے موجودہ احساسات کو الفاظ میں ڈھالنا ایک مشکل بلکہ ایک ناممکن کام ہوگا۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’اپنی بیٹی سے جو انسیت محسوس کررہا ہوں اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، اس کو اپنا کہنے میں خوشی محسوس کروں گا اور اس زندگی کیلئے شکرگزار ہوں جو ہم ساتھ گزاریں گے۔‘

خیال رہے کہ روان برس اپریل کے اواخر میں جیجی حدید نے اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق ایک انٹرویو میں کی تھی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جیجی حدید جمی فالن کے ٹاک شو ٹونائٹ شو ود جمی فالن میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے افواہوں کو ختم کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ وہ حمل سے ہیں اور وہ اس بات پر انتہائی خوش ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی و برطانوی شوبز شخصیات کے ہاں منگنی کرنے کے بعد ہی شادی سے قبل پہلے بھی بچوں کی پیدائش ہوچکی ہے اور مغربی ممالک کی اہم شخصیات کے ہاں اس عمل کو غلط نہیں سمجھا جاتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جیجی حدید اور زین ملک نے منگنی بھی نہیں کی ہے اور ماضی میں ان دونوں کے تعلقات کشیدہ بھی رہے ہیں۔

27 سالہ زین ملک اور 25 سالہ جیجی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا جب کہ دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت کا بھی کھلم کھلا اظہار کرتے تھے۔

تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر اختلافات ہوگئے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی لیکن جنوری 2020 میں ایک بار پھر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

جنوری 2020 کے بعد جیجی حدید اور زین ملک کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنے تعلقات بحال ہونے پر کھل کر بات نہیں کی تھی۔

تازہ ترین