• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان: تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ استعداد میں اضافے پر اتفاق

بلوچستان حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت کوئٹہ میں کورونا  وائرس کی صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری صحت، انچارج بی سی او سی اور سیکریٹری تعلیم نے اجلاس کو بریفنگ دی اور بتایا کہ تعلیمی اداروں میں کئے گئے کورونا کے 1573 ٹیسٹ میں سے 328 مثبت آئے۔ تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس میں اضافہ پر تشویش ظاہر کی گئی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق اور فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کیا جائے۔ شرکا اجلاس نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش مسئلے کا حل نہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کی مانیٹرنگ کا ٹاسک تفویض کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ داخلہ کورونا سے متعلق صورتحال کی مجموعی مانیٹرنگ کر ےگا۔ بلوچستان میں تعلیمی اداروں میں طلباء اور اساتذہ کا بغیر ماسک داخلہ ممنوع قرار دیا گیا۔ تعلیمی اداروں کے پرنسپل اور ہیڈ ماسٹر ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔

اجلاس میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرمتعلقہ تعلیمی ادارے کے سربراہ کے خلاف تادیبی کارروائی کابھی فیصلہ کیا گیا۔

دریں اثنا حکومت بلوچستان نے این سی او سی کو پرائمری اسکول کھولنے کی تاریخ میں مزید15 دن توسیع کی تجویز دینےکا فیصلہ بھی کیا۔

تازہ ترین