• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے سکاٹ لینڈ کے علاقوں میں پابندیاں

گلاسگو (طاہرانعام شیخ) کرونا کی بڑھتی ہوئی وبا کو روکنے کے لئے سکاٹ لینڈ میں دوبارہ چند نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، سکاٹش حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے پارلیمنٹ میں نئی پابندیوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی فرد بھی نہ تو خود کسی دوسرے گھر جائے، اور نہ ہی کوئی دوسرا فرد ان کے گھر آسکے گا سوائے اس کے کہ وہ افراد آپ کے توسیع شدہ خاندان کا حصہ ہوں۔ گھروں سے باہر بھی دو گھرانوں کے صرف 6 افراد کسی پب، ریسٹورنٹس یا گارڈن وغیرہ میں مل سکتے ہیں اور ان کو بھی آپس میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا، البتہ 12 سے لیکر 17 سال عمر کے بچے باہر کسی جگہ پر اکھٹے ہوسکتے ہیں، بے شک ان کا تعلق مختلف خاندانوں سے ہو، ان پر دو خاندانوں کی پابندی عائد نہ ہوگی۔ واضح رہے کہ گلاسگو اور ویسٹ آف سکاٹ لینڈ کے تقریباً 18 لاکھ افراد پر گزشتہ دو ہفتوں سے پہلے سے ہی یہ پابندیان نافز ہیں، لیکن اب ان میں توسیع کرتے ہوئے دائرہ کار پورے سکاٹ لینڈ تک پھیلادیا گیا ہے، نئی پابندیوں کے مطابق اب کوئی فرد بھی سوائے اپنے خاندان کے دوسرے کی کار میں سفر نہ کرسکے گا ان پابندیوں پر تین ہفتوں کے بعد نظرثانی کی جائے گی لیکن عملی طور پر ایسا نظر آتا ہے کہ جب تک کوئی موثر ویکسین مارکیٹ میں نہیں آجاتی اس وقت تک یہ پابندیاں جاری رہیں گی اور اس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
تازہ ترین