• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف ایگزیکٹو وسیم خان، مصباح الحق اور کپتان اظہر علی پیر کو ملاقات کریں گے

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیف ایگزیکٹیو وسیم خان ، پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی سے پیر کو لاہور میں ملاقات کررہے ہیں جبکہ چیئرمین احسان مانی کی دونوں کرکٹرز سے ملاقات آئندہ ہفتے کسی وقت متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور اظہر علی سے پی سی بی حکام ان کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بارے میں بات کریں گے۔پی سی بی حکام کا خیال ہے کہ مصباح الحق اور اظہر علی پی سی بی کے ملازم ہیں ، دونوں نے وزیر اعظم سے اپنے افسران کی شکایت کرکے پی سی بی کے کوڈ آف ایتھکس کی خلاف ورزی کی ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر پاکستان میں اداروں (ڈپارٹمنٹل) کی کرکٹ کو مسترد کر دیاتھا اور ان کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایشنز کی سطح پر ہونے والی کرکٹ جاری رہے گی۔محمد حفیظ کا پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہے ،اس لئے وہ انضباطی کارروائی سے بچ گئے۔محمد حفیظ نے ملاقات سے قبل ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کیے جانے کے منفی اثرات پر کھل کر اظہار خیال کیا تھا لیکن یہ تینوں کھلاڑی وزیراعظم کو ڈپارٹمنٹل کرکٹ دوبارہ شروع کرنے پر قائل کرنے میں ناکام رہےتھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان اور احسان مانی دونوں کو ان کی ذمے داریوں کے بارے آگاہ کریں گے اور بتائیں گے کہ وہ کس طرح پی سی بی کے ڈسپلن کو توڑ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور اظہر علی سے پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی اور انگلینڈ کے دورے میں ناکامی پر بھی بات کی جائے گی۔

تازہ ترین