• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قسمت کا دھنی امریکی شہری، پارک میں گھومنے گیا اور ہیرے کا مالک بن گیا

جب قسمت مہربان ہو جائے تو مٹی میں ہاتھ ڈالو تو وہ بھی سونا بن جاتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ایک امریکی شہری کے ساتھ ہوا۔

سابق صدر بل کلنٹن کے تعلق کے حوالے سے مشہور ریاست آرکنساس میں واقع پارک میں کریٹر آف ڈائمنڈز  ہے، جہاں معمولی فیس کی ادائیگی پر سیر کے ساتھ ساتھ قیمتی پتھر بھی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کیون کینرڈ نامی بینک ملازم  کریٹر آف ڈائمنڈز کی سیر کے لیے پہنچا۔ 10 منٹ چلنے کے بعد اسے کوئی چمکتی ہوئی چیز دکھائی دی، جو اٹھانے پر شیشے کا ٹکڑا محسوس ہوئی، جس کو اس نے اپنے بیگ میں رکھ لیا۔

تھوڑی دیر بعد پارک کی انتظامیہ نے کینرڈ اور ان کے ساتھیوں کو چیکنگ کے لیے روک لیا۔ جو معمول کی بات ہے، کیونکہ ہر جانے والے کو چیک کیا جاتا ہے۔ کینرڈ کا کہنا ہے کہ مجھے چیکنگ کرنا اچھا نہیں لگا کیونکہ مجھے کچھ ملا ہی نہیں تھا۔ بہرحال انہوں نے میرا بیگ بھی دیکھا۔ اور اس چیز کو جسے شیشہ سمجھ کر بیگ میں رکھا گیا تھا، اس کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ ہیرا ہے۔

پارک کی انتظامیہ نے کینرڈ کو خوش خبری سنائی کہ وہ ہیرے کے مالک بن گئے ہیں۔ کینرڈ کو ملنے والا ہیرا 9 اعشاریہ 7 قیراط کا ہے جو پارک کی 48 سالہ تاریخ میں دوسرا بڑا ہیرا ہے۔

پارک کے ایک افسر نے کہا کہ کینرڈ خوش قسمت ہے کہ اسے پارک میں آئیڈیل صورت حال ملی۔ کینرڈ کو ملنے والا ہیرا اب ان کی ملکیت ہے۔

یاد رہے کہ اس سال پارک میں246 ہیروں کی رجسٹریشن ہوئی ہے جن کا مجموعی وزن 59.25 قیراط ہے، پچھلے سال ایک اسکول ٹیچر نے یہاں سے 2 اعشاریہ 12 قیراط کا ہیرا تلاش کیا تھا۔

تازہ ترین