• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی سرکار نے غریب کو ختم کرنیکی پالیسی اپنا لی‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ 94 ادویات کی قیمتوں میں 262 روپے کے اضافے نے ثابت کردیا کہ تبدیلی سرکار عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ لینا چاہتی ہے ظلم اپنی انتہا کو چھو رہا ہے کہ زیادہ تر ان بیماریوں کی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جن میں بخار، سردار، ملیریا و دیگر بیماریاں شامل ہیں جو غربت و افلاس زدہ طبقے کے حصے میں آتی ہیں تبدیلی کا اصل مفہوم اب قوم کی سمجھ میں آرہا ہے کہ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا جائے تاکہ غربت تو نہیں غریب کو ہی صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خوشامدیوں کی قطار میں سب سے آگے کھڑے رہنے کی اندھی خواہش نے شیخ رشید کو بی جمالو کا کلیدی کردار سونپ دیا ہے جو ایک تسلسل کے ساتھ اداروں میں تنائو کا باعث بن رہا ہے اور یہ سارا کھیل 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے لئے کھیلا جارہا ہے۔ آئین کے محافظوں اور آئین شکنوں کے درمیان جاری یہ جنگ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور اس جنگ کا فیصلہ بالآخر 22 کروڑ عوام کے حق میں ہی ہوگا کیونکہ ان کا درخشاں مستقبل ملک میں حقیقی جمہوریت ہی سے وابستہ ہے۔
تازہ ترین