پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا لائرز فورم کے اجلاس میں لائرز فورم کے صوبائی صدر بابائے وکلا عالمزیب خان ایڈوکیٹ مسلم لیگ لائرز فورم کے لئے بیس سالہ خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں تاحیات مسلم لیگ لائرز فورم کا سربراہ و رہبر منتخب کیا گیا جبکہ ممتاز قانون دان مسرت اللہ خان ایڈوکیٹ مسلم لیگ لائرز فورم کے صوبائی صدر اور حضرت شیر خان کو صوبائی جنرل سیکرٹری بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ لائرز فورم کے مرکزی صدر نصیر بھٹہ ایڈوکیٹ نے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ آزاد عدلیہ مستحکم جمہوریت قانون کی حکمرانی اور ملک میں آئین و عوام کی بالادستی کے لئے جدوجہد کر رہی ہے مسلم لیگ کے قائدمیاں محمد نواز شریف کی طرف سے ہمیشہ وکلا کا بھر پور ساتھ دیا گیاعدلیہ کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا گیا اور میاں محمد نوازشریف کی سربراہی میں کامیاب لانگ مارچ سے عدلیہ بحال ہوئی نصیر بھٹہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ وکلا نے ملک میں قانون کی حکمرانی انصاف کا بول بالا کرنے عوام اور آئین کی بالادستی کے لئے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ مسلم لیگ لائرز فورم کے وکلا کو خیبر پختونخوا بار کونسل کے انتخابات میں مسلم لیگ لائرز فورم کی کامیابی کے لئے متحرک ہو جانا چاہئے۔