جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارت کے رائٹ آف رپلائی پر پاکستان مشن کے فرسٹ سیکریٹری ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ بھارتی تسلط میں 70 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دہشتگرد تنظیموں کی مالی مدد میں ملوث رہا اور تمام ہمسائیوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی کا استعمال بھی کیا۔
ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناکام ہوگا، مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ نہ تھا نہ کبھی ہوگا، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہے۔
پاکستانی سفارتکار نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن دہشتگردوں کی معاونت کا اعتراف کر چکا۔ بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے اس کے اپنے عوام بھی محفوظ نہیں۔ بھارت کے لیے بہتر ہو گا کہ اپنا گھر ٹھیک کرے۔
ذوالقرنین چھینہ کا جواب میں مزید کہنا تھا کہ بہتر ہوگا کہ بھارت تنازعات کے پرامن حل کی کوشش، برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر علاقائی امن کی جدوجہد کرے۔