• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان صدیقی کا اپنی بیٹیوں کیلئے محبت بھرا پیغام

پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے اپنی بیٹیوں پر محبت نچھاور کرتے ہوئے بیٹیوں کے عالمی دن پر ان کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں ورسٹائل اداکار نے اپنی بیٹیوں کے ساتھ گزارے اپنے لمحات کو لفظوں میں پرویا اور گزرے وقت کو دوبارہ گزارنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اپنی بیٹیوں کو مخاطب کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے لکھا کہ آپ دونوں بہت تیزی کے ساتھ بڑی ہو رہی ہیں، کاش یا تو وقت رک جائے یا پھر میرے پاس وہ مشین آجائے جس کی مدد سے میں اس دن تک واپس جاؤں جب آپ پیدا ہوئیں تھیں۔

کیا یہ کل کی سی بات نہیں جب آپ رو رو کر مجھے جگاتے تھے، کیا لمحہ پہلے کی بات نہیں آپ نے اپنی انگلی مجھے پکڑوائی اس بھروسے کے ساتھ کہ جب آپ اپنا پہلا قدم لیں گی تو میں آپ کو مضبوطی سے تھاموں گا۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ آج آپ لوگوں کو دیکھتا ہوں جو اب نوجوان ہورہی ہیں، اپنے والد کا سرفخر سے بلند کر رہی ہو، حتیٰ کہ آپ اپنی رائے برقرار رکھنے کے لیے مجھ سے اختلاف کرتی ہیں۔

اداکار نے لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ اس وقت آپ مجھ سے شدید نفرت کرتی ہوں گی جب میں آپ کی بات سے اختلاف کرتا ہوں لیکن یہ سیکھنے کا وقت ہے، آپ دونوں کو آگے اپنے بل بوتے پر چلنا ہے، اپنے صحیح و غلط کا انتخاب کرنا ہے اور اپنے اچھے برے کے فیصلے کرنے ہیں۔

عدنان صدیقی نے اپنی بیٹیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی کام کریں اس کے لیے ذمہ دار بنیں۔

انھوں نے اپنی بیٹیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کہیں گرتی ہیں تو میں آپ کو سنبھالنے کے لیے موجود ہوں، زندگی آسان نہیں ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ یہ آپ کا اپنا سفر ہوگا، میں آپ کے پروں کے نیچے ہوا کی مانند رہوں گا، لیکن پرواز آپ کی ہوگی، میں آپ کو اندھیروں سے دیکھوں گا، آپ زندگی کی خوشی منائیں گیں۔


اپنے اس پیغام کے آخر میں عدنان صدیقی نے اپنی بیٹیوں کو پیار دیا اور انھیں بیٹیوں کے عالمی دن پر مبارکباد بھی دی۔

تازہ ترین