• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان پر اسپیکر نے اختیارات سے تجاوز کیا، پیپلز پارٹی

اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کے گلگت بلتستان پر پارلیمانی رہنماؤں کے طلب کیے گئے اجلاس کو اختیارات سے تجاوز قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے فرحت اللّٰہ بابر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ اسپیکر، چیئرمین سینیٹ گلگت بلتستان کے معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس نہیں بلاسکتے۔

نیئر بخاری نے مزید کہا کہ اسپیکر نے اس حوالے سے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے، پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں اس اجلاس میں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے علیحدہ ہے، اطلاعات ہیں کہ وہاں ایڈمنسٹریٹو افسران کو ریٹرننگ افسران لگایا جارہا ہے جبکہ ان کی جگہ جوڈیشل افسران کو لگایا جائے۔


پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ 20 ستمبر کی اے پی سی میں اپوزیشن نے 26 نکاتی اعلامیہ جاری کیا، جس میں گلگت بلتستان میں مقررہ وقت پر شفاف انتخابات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبے کے بعد گلگت بلتستان میں 15 نومبر انتخابات کی تاریخ دے دی گئی جبکہ وہاں نومبر میں برف باری ہوتی ہے، ایسے موسم میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔

نیئر بخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کا وجود نہیں، حکومت کی طرف سے وہاں صحت کارڈ استعمال کیے جارہے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ منتخب لوگوں کو الیکشن مہم سے روکا جائے جبکہ ان انتخابات میں وفاق کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

اس موقع پر فرحت اللّٰہ بابر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے فیصلے وہاں کی نامزد اسمبلی کرے، اس خطے کو صوبے کا نام نہیں دیا گیا، پی پی حکومت نے گلگت بلتستان کو تمام مراعات فراہم کیں۔

تازہ ترین