مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ ہے جو کشمیر کاز سے جڑا ہے۔
لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت اس معاملے کو اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے، حکومتی رویّے کو دیکھتے ہوئے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پی سی کے اجلاس میں منظور کردہ قرار داد اور فیصلوں کی پاسداری کریں گے۔
صدر مسلم لیگ نون کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے قومی مفاد میں اپوزیشن کے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری اور اسے اپنی سیاسی ڈرامے بازی کے لیے استعمال کیا۔