کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئینٹی ،قائد اعظم ٹرافی اور زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل کے لئے ٹاور اسپورٹس اور اسپورٹس ورکز کو مشترکہ طور پر اپنا پروڈکشن پارٹنر مقرر کردیا ہے۔ ان حقوق کی فراہمی آر ایف پی کے ایک مکمل عمل کے تحت کی گئی ہے۔ پی سی بی کا دعوی ہے کہ تین کمپنیوں نے اس حوالے سےبولی دی تھی اور سب سے کم بولی والے کو پی ایس ایل2020 کی پروڈکشن کے بعد اب پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ میچوں کی پروڈکشن کے حقوق دے دیئے گئے ہیں۔اتوار کو پی سی بی اعلامیے کے مطابق قومی ٹی ٹونٹی کپ کی پروڈکشن کے دوران 24 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ اس دوران ایچ ڈی کیمرےاور جدید طرز کے گرافکس استعمال کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ سہ پہر 3 اور دوسرا شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ کے تمام 33 میچز اور قائداعظم ٹرافی کے 11 میچ نشر کیے جائیں گے یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پی سی بی نے پی ٹی وی اسپورٹس اور آئی میڈیا کیمونیکشن کے ساتھ تین سال معاہدہ کیا ہے۔