• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت الیکشن، نیب ن لیگ کو غیرفعال کرنا چاہتا ہے، احسن اقبال


کراچی(ٹی وی رپورٹ)سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں ن لیگ کو غیرفعال کرنا چاہتا ہے، ن لیگ نواز شریف کے بیانیہ کی مکمل ملکیت لیتی ہے،حکومتی رہنما سیاسی مقاصد کیلئے خاتون ایم این اے کی کردار کشی کررہے ہیں ،طلال چوہدری کے معاملہ پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی بھی شریک تھے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ نیب گلگت بلتستان کی انتخابی مہم اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کو غیرفعال کرنا چاہتا ہے، شہباز شریف کی کل کی پریزنٹیشن کا مقصد اپنے دور میں قومی خزانے کی ایک ہزار ارب روپے کی بچت سے آگاہ کرنا تھا، ن لیگ میں کوئی نظریاتی اختلاف یا سیاسی تقسیم نہیں ہے، نوجوان نسل ہم سے پوچھتی ہے کیا ہم کبھی آزاد او ر منصفانہ انتخابات دیکھ سکیں گے تو ہمیں شرمندہ ہونا پڑتا ہے، ہم نیپال اور بھوٹان جیسے چھوٹے ملکوں سے پیچھے ہیں، خانہ جنگی کے شکار افغانستان کی کرنسی بھی ہم سے مضبوط ہوگئی ہے، اب یہ ملک ایسے نہیں چل سکتا ہمیں اپنی غلطیوں کا جائزہ لینا ہوگا، پچھلے 72 برسوں میں فیصلہ سازی میں بالادست کردار اسٹیبلشمنٹ کا رہا ہے اس لئے زیادہ ذمہ داری بھی انہی پر آتی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ٹینک لے کر میدان جنگ میں اترنے کا نہیں کہا ہے، سیاسی و جمہوری جدوجہد سے آئین کی بالادستی ،عدلیہ کی آزادی اور جمہوری عمل کی شفافیت یقینی بنانا ہوگی، کرنا ہوگی ، تمام اسٹیک ہولڈرز آئین کے تحت اداروں کی حدود کا تعین کریں، اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مل کر احتجاجی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں، 2018ء میں پورے ملک میں ن لیگ کا مینڈیٹ چرایا گیا، پنجاب میں ن لیگ کی اکثریت ہونے کے باوجود اقلیتی حکومت دی گئی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ میں فیصلے سے پہلے بحث ہوتی ہے لیکن پارٹی فیصلے پر تمام لوگ عمل کرتے ہیں، طلال چوہدری کے معاملہ پر ن لیگ پنجاب کے صدر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی ہے، ن لیگ کی خاتون ایم این اے نے خود کو اس واقعہ میں ملوث کرنے کی کوشش پر شدید احتجاج کیا ہے، حکومتی رہنما سیاسی مقاصد کیلئے خاتون ایم این اے کی کردار کشی کررہے ہیں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں، ہم نے عمران خان سے متعلق سنگین باتوں کو کبھی سیاست کا حصہ نہیں بنایا۔

تازہ ترین