ملتان(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہاقتصادی راہداری کیلئے ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن 6ماہ میں ملتان سے شروع کر ینگے، عمران خان کو بچپن ہی سے وزیر اعظم بننے کا شوق تھا۔وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز ملک میں ہی موجود ہیں اور وہ ہر انکوائری میں پیش ہوں گے۔عمران خان کے روایتی رویے کے پیش نظرجوڈیشری اس معاملہ کی انکوائری کرنے کو تیار نہیں ہے۔ریلوے سے سیاسی مداخلت کا یکسر خاتمہ کر دیا ہے۔نیا اور جدید سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت اب دکانوں پر بھی ٹرینوں کی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی اور شہری گھر بیٹھے ای ٹکٹنگ سسٹم کے ذریعے سیٹیں بک کروا سکیں گے۔ میں سمجھتاہوں کہ ملتان کو اسلام آباد سے تیز ترین روابط کیلئے ایک اورٹرین کی اشدضرورت ہے اس پرآئندہ چند دنوں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں مشاورت کروں گا،ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت وصنعت ملتان اور ملتان ریلوے سٹیشن پر"ملتان ایکسپریس"کی افتتاحی تقریب کے مو قع پر میڈیا سے بات چیت کرتے کیا۔ایوان تجارت وصنعت ملتان کی ایگزیکٹو باڈی اور ممبران سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے میں ای ٹکٹنگ سسٹم کا80 فیصدکام مکمل کرلیاگیاہے اسی طرح ریلوے کی زمین جوکہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق تقریباََایک لاکھ 67ایکڑہے اس کامکمل کمپیوٹرائزڈ ریکارڈبنانے کے لئے کام شروع ہے جس کے بعد اس میں تقریباََپندرہ ہزار ایکڑ کامزیداضافہ سامنے آرہاہے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے میں جیالے اورمتوالے بھرتی کئے گئے ،سیاسی مداخلت نے اس کو تباہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجرمنصوبہ ہے اس کے تحت کراچی ،ملتان ،لاہور ،پنڈی ،پشاور اورطورخم تک ریلوے لائن بچھانے کے پروجیکٹ پرآئندہ چھ ماہ میں کام شروع ہوجائے گا۔ابتداء ملتان سے ہوگی اورپھرلاہور ،کراچی سیکشن پرٹرینوں کی رفتار160کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوجائے گی اسی طرح لاہور ،کراچی روٹ پرڈبل ٹریک ڈال دیاگیاہے،لاہور،پشاورابھی کام رہتاہے ۔خواجہ سعدرفیق نے کہاکہ جب ریلوے کی وزارت سنبھالی توآمدن18ارب 6کروڑتھی اب جون2016تک ہم 35ارب پلس حاصل کرلیں گے ۔اسی طرح فریٹ ٹرینوں کی آمدن ایک ارب 80کروڑتھی وہ بھی جون تک 12 ارب تک حاصل کرلیں گے لیکن ابھی بھی ٹرین سیکٹرکی بہتری کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ صوبوں کے پاس ریلوے کی زمین تھی وہ ہمیں نہیں مل رہی تھی اب بھی کے پی کے نے ہمارے نام ٹرانسفرکی ہے باقی صوبوں میں بھی ریلوے کے زمین اپنے نام ٹرانسفرکرانے کیلئے ہمیں شایددوبارہ سپریم کورٹ جاناپڑے ۔قبل ازیں ایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدر میاں فریدمغیث شیخ نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم موجودہ حکومت کے بہت سے اقدامات کی تہہ دل سے تعریف کرتے ہیں جووہ ملک کے مفاد میں اٹھارہی ہے جن میں توانائی بحران کے خاتمے اوردہشت گردی کی کمرتوڑنے کے اقدامات شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریلوے سٹیشن شیرشاہ کو سی پیک کے تناظرمیں جنوبی پنجاب کاماڈل ٹرانزٹ حب بنایاجائے ۔پیرمختتار والاکے مقام پرڈرائی پورٹ ان لینڈکنٹینرٹرمینل قائم کیاجائے ،مسافروں کیلئے ریلوے سٹیشن پرضروری سیکورٹی اورجدیدسہولیات مہیاکی جائیں ۔ملتان سے کراچی اورملتان سے پنڈی کیلئے نئی گاڑیاں یاملتان کوبائی پاس کرکے چلنے والی ایکسپریس ٹرینوں کوملتان میں سٹاپ دیاجائے۔بعد ازاں ملتان ریلوے سٹیشن پر"ملتان ایکسپریس"کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے سعد رفیق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملہ پر دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔عمران خان سے زیادہ بد زبان سیاست دان آج تک نہیں دیکھا۔مسلم لیگ ن کی حکومت وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے،انہوں نے کہا کہ ملتان کے لوگ ریل کے سفر کو تر جیح دیں۔خسارے کی ٹرین اب نہیں چلا سکتے۔ملتان سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لئے آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔ملتان سے پنڈی کے لئے چلنے والی مہر ایکسپریس کو بھی ایئر کنڈیشن کیا جا رہا ہے۔۔موسیٰ پاک اور ملتان ایکسپریس کو وائی فائی سے منسلک کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر شیخ طارق رشید،ملک انور علی،مشیر برائے ریلوے انجم پرویز،چیف انجینئر ڈیزائین شاہ رخ خان،آئی جی ریلوے پولیس منیر احمد چشتی،ڈی آئی جی ریلوے شارق خان،ڈی ایس ریلوے ظفر اللہ کلوڑ،ایس ایس پی ملتان ریلوے حسن رضا خان و دیگر موجود تھے۔دریں اثناء وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کینٹ سٹیشن پر قلیوں کو دیئے جانے والے دفتر کا بھی معائنہ کیا ۔