طالبان کے ساتھ بین الافغان مذاکرات کے لیے حکومت کی افغان مصالحتی کونسل (ایچ سی این آر) کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ٹوئٹر پر ان کا زبردست خیر مقدم کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کی پاکستان آمد پر سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر کے ٹرینڈ پینل پر ’ویلکم ٹو پاکستان‘ ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا جس میں پاکستانی عبداللّٰہ عبداللّٰہ کو ملک میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔
پاکستان آمد پر ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دفترخارجہ میں عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا استقبال کیا۔
دفترخارجہ کے بیان کے مطابق ’ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ اپنے دورے میں وزیراعظم اور صدر سے ملاقات کے ساتھ ساتھ چیئرمین سنیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملیں گے۔‘
بیان میں بتایا گیا کہ ’وہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں ایک اہم خطاب بھی کریں گے اور میڈیا سے بھی بات چیت ہوگی۔‘
خیال رہے کہ ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا بحیثیت چیئرمین افغان مصالحتی کونسل کے پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔