وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور قائد نواز شریف کے درمیان چپقلش بیان بازی سے نہیں چھپ سکتی۔
لیگی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑنا مضحکہ خیز ہے۔
انھوں نے کہا کہ بیگم صفدر بتائیں کہ 6 ماہ میں شہباز شریف اور لیگی رہنماؤں نے گلگت کے کتنے دورے کیے؟
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ایک خاندان کے ذریعے ملک چلانے والے ملک کو ون پارٹی ریاست بنائے جانے کی بات کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی درمیانی چپقلش بیان بازی سے نہیں چھپ سکتی۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے احتساب کو بڑے آرام سے ذاتی و سیاسی انتقام کا نام دے دیا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے احتساب سے بچنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے آج حکومت کو اے پی سی سے ڈرانے کی ناکام کوشش کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام ایسی بیسیوں اے پی سیز کی ناکامی اور رسوائی پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔