اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اہم ہنگامی اجلاس آج مسلم لیگ ن سیکریٹریٹ اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے رہنما شریک ہوں گے۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اے پی سی کی منظور کردہ قرارداد پر عمل درآمد کے پلان کو حتمی شکل دینے پر مشاورت ہوگی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان اور لوکل گورنمنٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا۔
20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں حزب اختلاف کی 11 جماعتوں نے ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کے نام سے نیا اتحاد تشکیل دیا تھا۔ جس میں وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔