• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتاری سے ڈرایا جاتا ہے، ہم جھکنے نہیں اکڑنے والے لوگ ہیں، فضل الرحمٰن

مظفرآباد(نامہ نگار)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر فروش حکمران ہے ،ہم غداروں کے ساتھ کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔ ٹرمپ مودی اور عمران خان ایک ہی کیٹگری کے ہیں اور کشمیر کے مجرم ہیں ‘دھاندلی سے جنہوں نے حکومت بنائی انہیں کہتا ہوں کہ ہم نے شروع دن سے یہ حکومت تسلیم نہیں کی کیونکہ یہ تقسیم کشمیر کیلئے بنائی گئی ۔

ہم کشتیاں جلا چکے ہیں ‘یہ درست نہیں کہ تم جو بھی کرو وہ قانون ہے ۔آئین توڑو اور ہم چپ رہیں یہ ممکن نہیں۔ ہمیں گرفتاری سے ڈراتے ہو تم نے کسی اور کو آزمایا ہوگا جو جھک جاتے ہیں مگر ہم جھکتے نہیں اکڑ جاتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی بڑی قربانیاں ہیں اسے صوبہ تو بنا دیں گے مگر 73سال سے کشمیر پر ہمارے موقف کا کیا ہوگا ۔اقوام متحدہ میں ریاست جموںو کشمیر کا جو نقشہ پاکستان نے دیا ہے اس میں گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے اس کا کیا ہوگا۔

جمعیت علمائے اسلام جموں وکشمیر مظفرآباد ڈویژن کی استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے اس انتقامی نیب کے قانون کی مخالفت کی اس وقت ہماری بات نہیں سنی گئی اور آج شہباز شریف گرفتار ہو چکے ہیں، بیٹا بھی گرفتار ہے ،نواز شریف وطن سے باہر ہیں اور دیگر سیاسی رہنما بھی انتقام کا شکار ہیں ۔

آمریت کا طریقہ کارہی یہی ہوتا ہے کہ وہ نیب نیب کرتا ہے یہ مارشل لاء کا سب سے بڑا ہتھکنڈا ہوتا ہے۔افغانستان میں امریکا کا جو حشر ہوا یاد رکھو تمہارا بھی وہی حشر ہوگا۔


تازہ ترین