• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملزم کیخلاف کیس مضبوط ہو تب ہی گرفتاری ہوتی ہے،فوادچوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی ملزم کے خلاف کیس مضبوط ہو تب ہی اسے گرفتار کیا جاتا ہے،ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کا بیٹا 15 سال سے اپنا کاروبار کررہاہے اس کا جواب والد کیوں دینگے،تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی پالیسی کا فائدہ نواز شریف نے اٹھایا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کسی ملزم کیخلاف کیس مضبوط ہو تب ہی اسے گرفتار کیا جاتا ہے، مریم تاثر دے رہی ہیں ملک میں تمام ادارے حکومت سے ملے ہوئے ہیں، عمران خان ظالم آدمی ہے جو ان سے بدلہ لے رہا ہے، ن لیگ کی قیادت کیخلاف تمام کیسز پیپلز پارٹی کے بنائے ہوئے ہیں، نیب کے چیئرمین سے لے کر چپراسی تک مریم کے والد کا تقرر کردہ ہے، مریم نواز کو گلہ ہے کہ فوج اور عدلیہ نواز شریف اور ان کا پیسہ بچانے کیلئے تعاون کیوں نہیں کررہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان آج شریف خاندان کے کیسوں سے پیچھے ہٹ جائے تو وہ بھی فرشتہ ہوجائیں گے، رانا ثناء اللہ سے ایک سوال پوچھا گیا وہ ریت کی دیوار کی طرح گرگئے، احتساب کے کیسز پی ٹی آئی کے بڑے وعدے کی تکمیل کی طرف ایک قدم ہیں، ارشد ملک کو مسلم لیگ ن نے بلیک میل کیا، ارشد ملک نے ایک کیس میں نواز شریف کو سزا دی دوسرے کیس میں بری کردیا، پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر کیس بنے تو سامنا کرتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کو صرف نیب سے نہیں عدلیہ او ر فوج سے بھی گلہ ہے، نواز شریف اور شہباز شریف ہر الزام پر کہتے ہیں ہمارے بچوں کو پتا ہے اور بچوں کو باہر بھیج دیتے ہیں، پی ٹی آئی ایک کروڑ 70لاکھ ووٹ لے کر اقتدار میں آئی ہے، ادارے حکومت کے ساتھ کھڑے ہو کر آئینی ذمہ داری پوری کررہے ہیں ، ن لیگ کو لگ رہا ہے ہم ڈوب رہے ہیں تو پورا ملک ڈوب رہا ہے، ن لیگ چیخ پکار کرنے کے بجائے پلی بارگین کے لئے اپلائی کریں، ن لیگ کو سیاست کرنی ہے تو ان لیڈروں کے ساتھ سیاست کریں جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف واحد سیاسی لیڈر ہیں جنہوں نے اپنی پارٹی کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا، مسلم لیگ کے اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے، فارن فنڈنگ کیس میں منی لانڈرنگ کے سب سے زیادہ الزامات ن لیگ پر لگے ہیں۔ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کٹھ پتلی نظام جس طرح چلایا جارہا ہے اس طرح نہیں چل سکتا، پندرہ بیس سال سے اس نظام کے خلاف مزاحمت ہورہی ہے، اس نظام کے سہارے اقتدار میں موجود شخص انتقامی سوچ رکھتا ہے، یہ شخص معاملات کو تصادم کی طرف لے آیا ہے۔

تازہ ترین