• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آذربائیجان اور آرمینیا میں لڑائی جاری، ہلاکتیں 93 ہوگئیں، سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب

آذربائیجان اور آرمینیا میں لڑائی جاری


یروان، باکو، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) آذربائیجان اورآرمینیا ئی افواج میں نگورنو کاراباخ کے علاقے میں لڑائی کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 93ہوگئی ہے جس میں 9شہری بھی شامل ہیں ، 7شہریوں کا تعلق آذربائیجان اور دو کا تعلق آرمینیا سے ہے ،کاراباخ میں لڑائی میں شدت کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس آج منگل کے روز ہونے کا امکان ہے ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی، فرانس اور یورپی کونسل کے دیگر رکن ممالک بشمول بلجیم، برطانیہ اور ایسٹونیا کی درخواست پر یہ اجلاس بلایا جائیگا، ترک صدر رجب طیب ایردوان نے آرمینیا سےنگورنو کاراباخ کا ناجائز قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، آذربائیجان نے نگورنو کارباخ میں مزید پیش قدمی کا دعویٰ کردیا ہے، روس اور امریکا نے ایک بار پھر خطے میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے، چین نے امید ظاہر کی ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا اپنے اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرلیں گےجو کہ خطے کے تمام فریقوں کے حق میں ہے ۔تفصیلات کے مطابق آرمینیا کا کہنا ہے کہ پیر کے روز کاراباخ میں ان کے مزید 53اہلکار مارے گئے جس کے بعد آرمینیائی فوجیوںہلاکتوں کی تعداد 84ہوگئی ہے ، آذربائیجان نے اپنے کسی بھی فوجی کے ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم آرمینیائی باغیوں نے مبینہ طور پر آذربائیجان کیفوجی گاڑیوں کے تباہ ہونے اور ہلاک فوجیوں کی تصاویر جاری کی ہے ،باکو حکومت نے آرمینیا کی باغی افواج کے 550اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ، آذربائیجان کی وزارت دفاع نے علاقے میں مزید پیش قدمی کا دعویٰ بھی کیا ہے ، ان کے مطابق آذری فوج نے تالیش گائوں کی کئی اسٹریٹجک پوزیشنز سنبھال لی ہیں ، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے جزوی طور پر فوجی تعیناتی کا حکم جاری کردیا ہے جبکہ آذری آرمی چیف جنرل میس بارخوداروف نے خون کے آخری قطرے تک لڑنے اور جنگ جیتنے کے عزم کا اظہار کیاہے ، دوسری جانب روسی صدر کے ترجمان متری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے، جنگ کو روکنا اولین ترجیح ہے اور یہ اس بات کے تعین کا وقت نہیں کہ کون صحیح ہے اور کون غلط ہے، ترک صدر رجب طیب ایردوان نے آرمینیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کاراباخ کا ناجائز قبضہ ختم کرے ۔

تازہ ترین