• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بدر الحسن کمپلکس ناظم آباد زبوں حالی کا شکار

کراچی کے قدیم انڈور بدر الحسن کمپلکس جہاں بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، کراٹے اور دیگر انڈور کھیلوں کی سہولتیں دستیاب ہیں ان دنوں زبوں حال کا شکار ہے، کمپلکس میں ٹوٹ پھوٹ نمایاں ہے، 1992میں اس وقت کی بلدیاتی قیادت کی کوششوں سے قائم ہونے والے اس کمپلکس سے پاکستان کو قومی سطح پر کئی کھلاڑی ملے، ان میں حظیفہ معین، حنزیلہ معین، احسن قمر،، وسیم ،عادل صدیقی مشرف جعفری،علی زمان ،نوید،عائشہ رئیس بینش شریف، عائشہ خان،صبا اعجاز،شہناز شاہ کے علاوہ کئی دوسرے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے قومی اور عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔ 

کئی سال تک بیڈ منٹن کی سابق قومی خاتون کھلاڑی ماہیہ معین اور ان کے شوہر کراچی بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے عہدے دار محمد معین نے بطور ایڈ منسٹریٹر اس کمپلکس میں اپنی ذمے داری نبھائی اور اس کی بہتر انداز میں دیکھ بھال کی۔

مرحوم صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ، ان کی اہلیہ اسما ء علی شاہ، سابق کمشنر کراچی، شعیب صدیقی نے کمپلکس کی تزئین و آرائش کے لئے ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ان کے علاوہ دیگر کئی نامور شخصیات نے اس کمپلکس میں وہنے والے مقابلوں میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، مگر ان دونوں ایڈ منسٹریٹر کی رخصتی کے بعد یہ کمپلکس مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، حیرت انگیز طور پر ڈی ایم سی سائوتھ کی حال میں مدت پوری کرنے والی انتظامیہ نے اس کمپلکس میں کر کٹ کی پریکٹس کے لئے اس کا ایک حصہ کرائے پر دے دیا جس کی وجہ سے کمپلکس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

تاہم اب ڈی ایم سی سینٹرل کے نئے اسپورٹس ڈائریکٹر اکبر نے چارج سنبھالتے ہی کر کٹ پریکٹس رکوادی ہے، انہوں نے کمپلکس کی تزئین و آرائش، پریکٹس فلور، پنکھوں، لائٹ کے نظام کو بہتر بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے اور ذمے داری شخص کو اسکینگرانی کے لئے تقرری کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند عمل ہے، ان کے فیصلے کا نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ اہل علاقہ نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین