• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روم اولمپکس میں پاکستان کی جیت کو60سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے نوستمبر1960کوروم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کو ایک گول سے شکست دی،فیصلہ کن گول نصیر بندہ نے اسکور کیا،اس حوالے سے کراچی میں انسٹیوٹ آف ہاکی کے تحت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اس کے عہدے داروں نے کیک کاٹا،نو ستمبر پاکستان ہاکی کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا دن ہے، 60 سال قبل اس روز پاکستان نے 1960ء کے روم اولمپکس میں بھارت کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ اولمپک ہاکی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فائنل میں لیفٹ ان نصیر بندہ نے واحد اور فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے کے ساتھ 1928ء سے اولمپک چیمپیئن چلے آنے والے بھارت کی 32 سالہ برتری کا خاتمہ کیا تھا۔قبل ازیں سیمی فائنل میں پاکستان نے عاطف کے گول کی بدولت اسپین کو 0-1 سے قابو کیا تھا، پاکستان کو روم اولمپکس میں فیورٹ ٹیم تصور کیا جارہا تھا کیونکہ گزشتہ ملبورن اولمپکس 1956ء کے فائنل میں بھارت کو پاکستان کے خلاف فائنل میں بمشکل 0-1 سے کامیابی ملتی تھی جبکہ پاکستان نے ایشین گیمز 1958ء میں بھارت کو مات دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا تھا۔

روم اولمپکس میں پاکستان کی فاتح ٹیم عبدالرشید، اے آر گارڈنر، عاطف، منیرڈار، بشیر احمد، خورشید اسلم، حبیب علی کڈی، انوار احمد خان، ڈاکٹر غلام رسول، ظفر حیات، ظفر علی ظفری، عبدالوحید خان، نورعالم، عبدالحمید حمیدی، خواجہ ذکاء الدین، نصیر احمد بندہ، مطیع اللہ اور مشتاق احمد پر مشتمل تھی۔

تازہ ترین
تازہ ترین