بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے پشاور میں واقع اپنے شوہر کے آبائی گھر کو خریدنے اور پھر اُسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر خیبر پختون خوا حکومت کی تعریف کی ہے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے ایک انٹرویو میں خیبر پختون خوا کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستان کی صوبائی حکومت کی کوششوں پر بہت خوش ہوں اور مجھے پوری اُمید ہے کہ وہ اپنے اس اقدام میں ضرور کامیاب ہوں گے۔‘
سائرہ بانو نے کہا کہ’مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اس بار ہمارا یہ خواب ضرور پورا ہوگا۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’ماشاءاللّہ سےمجھے جب بھی یوسف صاحب (دلیپ کمار) کے پشاور میں واقع آبائی گھر کی کوئی بھی خبر ملتی ہے تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔‘
دلیپ کمار کی اہلیہ نے کہا کہ ’میرے شوہر کے آبائی گھر کو میوزیم میں تبدیل کرنے پر کافی عرصے سے کام چل رہا ہے اور اب خیبر پختون خوا حکومت کی کوشش کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ اس بار یہ اقدام ضرور مکمل ہوگا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد سیاحت کے لیے اس جگہ کا رُخ کرے گی۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کی آبائی رہائش گاہیں واقع ہیں جنہیں اب خیبر پختون خواحکومت نے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں بالی ووڈ اداکاروں کے آبائی گھروں کو سرکاری تحویل میں لینے کے بعد میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔