• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت کا دلیپ کمار اور راج کپور کے گھر خریدنے کا فیصلہ

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کی پشاور میں واقع آبائی رہائش گاہوں کو خیبر پختون خوا کی حکومت نے خرید کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کی آبائی رہائش گاہیں واقع ہیں جنہیں اب خیبر پختون خواحکومت نے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں بالی ووڈ اداکاروں کے آبائی گھروں کو سرکاری تحویل میں لینے کے بعد میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا اور اس ضمن میں خیبر پختون خوا کے ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں اُنہوں نے لکھا ہے کہ صوبے کا محکمۂ آثارِ قدیمہ اس جگہ کو آثارِ قدیمہ ایکٹ کے تحت محفوظ آثار قرار دینا چاہتا ہے تاکہ پشاور میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔

ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ اس اقدام کے پیچھے بنیادی مقصد پشاور کی روایتی ثقافت کو بحال کرنا ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے گِر گیا تھا۔

دوسری جانب خیبر پختون خوا کے ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز کا خط ملنے کے بعد اب اداکار دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی کو حاصل کرنے کے لیے ضروری کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت کا تخمینہ ہے کہ 100 سال سے زیادہ پرانی 1800 عمارتیں حاصل کر کے انہیں سیاحت کے لیے بحال کیا جائے۔

دلیپ کمار کا آبائی گھر پشاور کے کس علاقے میں ہے؟

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کا گھر پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے، ایک وقت تھا کہ یہ علاقہ رہائشی ہوتا تھا لیکن اب یہ ایک کاروباری مراکز بن گیا ہے۔

اداکار دلیپ کمار 11 دسمبر 1922ء کو اسی گھر میں پیدا ہوئےتھے لیکن 1930ء میں وہ اپنا آبائی گھر چھوڑ کر بھارت کے شہر ممبئی چلے گئے تھے جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

ممبئی منتقل ہونے کے بعد دلیپ کمار نے 1988ء میں اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا جبکہ سال 1997ء میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشانِ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

دوسری جانب 2013ء میں بھارتی اداکار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔

کپور حویلی پشاور میں کہاں واقع ہے؟

کپور حویلی پشاور کے علاقے دلگران میں واقع ہے، بھارتی فلم انڈسٹری کو متعدد نامور سُپر اسٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اسی حویلی میں پیدا ہوئی تھی۔

کپور حویلی کی تعمیر کی بات کریں تو اس قدیم حویلی کو راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا لیکن تقسیمِ برصغیر کے بعد یہ خاندان بھارت منتقل ہوگیا تھا۔

تازہ ترین