کہتے ہیں، ’’وقت ہر زخم بھر دیتاہے‘‘ لیکن وطنِ عزیز میں 15 برس قبل آنے والی قدرتی آفت ،قیامت خیز زلزلے کے متاثرین کے زخم وقت بھی نہیںبَھر سکا۔ اپنوں کے جانے کا دُکھ تو ہمیشہ ہی تازہ رہتا ہے،کوئی اُن کی کمی پوری کر سکتا ہے، نہ جگہ لے سکتا ہے، لیکن افسوس تو یہ ہے کہ مالی نقصان پر حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدے بھی وفا نہ ہو سکے۔ ذرا سوچیں، بالا کوٹ زلزلہ زدگان پندرہ سال گزرنے کے بعد بھی آج تک حکومتی امداد کے منتظر ہیں، نہ جانے اُن سے کیے گئے وعدے کب پورے ہوں گے۔8اکتوبر 2005ء کے ہول ناک زلزلے کے دوران جہاں اربوں روپے کی املاک تباہ اور کئی انسان لقمۂ اجل بنے، وہاں سیکڑوں بچّے بھی یتیم اور بے سہارا ہو گئے، کئی تباہ شدہ اسکولز کی تعمیر آج تک مکمل نہیں ہو سکی۔ کھربوں روپے کے فنڈز ضرورجاری ہوئے ،لیکن متاثرین آج بھی دربدر ہیں۔پھر زلزلہ زدگان کے نام پر بیرونِ ممالک سےبھی اربوں روپے کی امدادملی، لیکن وہ بھی آج تک حق داروں تک نہیں پہنچی۔
8 اکتوبر 2005ء کی صبح8 بج کر 50منٹ پر اسلام آباد،آزاد کشمیر، ایبٹ آباد، خیبرپختون خوا اور مُلک کے کئی بالائی علاقوں پرہول ناک زلزلے کی صُورت قیامت ٹوٹی۔جس کی شدّت ریکٹر اسکیل پر 7.6 ریکارڈ کی گئی ۔اس کا مرکز اسلام آباد سے 95 کلو میٹر دُور اٹک اور ہزارہ ڈویژن کے درمیان تھا ۔ زلزلے سےبالاکوٹ شہر سمیت 15 تحصیلیں صفحۂ ہستی ہی سے مٹ گئیں ۔اس زلزلے کا شمار اب تک کے بڑے زلزلوں میں ہوتا ہے، جس میں کُل اموات 87,350، زخمیوں کی تعدادقریباً 1,38000رہی۔ کیسا قیامت خیز دن تھا کہ محض چند سیکنڈ زمیں ہنستے بستے گھرانے، سرسبز و شاداب شہر صفحۂ ہستی سے مِٹ گئے، پَل بَھر میں بسے بسائے شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوگئے۔
کوئی یتیم ہوا، تو کوئی معذور، کسی بہن سے اس کا بھائی بچھڑ گیا ، تو کسی کی ماں چل بسی۔ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قریباً چھے ماہ توصرف عمارتوں کے نیچے دَبی لاشیں نکالنے ہی میں لگے۔اس کام کے لیےپاک فوج کی طرف سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ جوانوں نے خچّروں پہ بیٹھ کر،اور ربڑ بوٹس پہن کردریائے نیلم عبورکیا اور دُور دراز پہاڑی علاقوں میں پہنچ کرمتاثرین کی مددکی ۔ایک سروے کے مطابق زلزلے میں قریباً چھے لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ، متاثرہ علاقوں میں 6,300تعلیمی ادارے، 800 مراکزِ صحت اور 6,000 چھوٹی بڑی سڑکوں کوشدید نقصان پہنچا۔
نقصان اتنا زیادہ تھا کہ حکومتِ پاکستان اکیلے اس کی بھرپائی نہیں کر سکتی تھی،اسی لیے اُس وقت کے صدر ،جنرل (ر)پرویز مشرف نے عالمی ڈونر کانفرنس طلب کی، جس میں متعدّدممالک کے مندوبین نے شر کت کی اور اس کے نتیجے میں پاکستان کو دنیا بَھر سے اربوں ڈالرز کی امداد ملی۔نیز، اندرونِ مُلک سے بھی پوری قوم نے متّحد ہوکر زلزلہ متاثرین کی مددکی ،مگر افسوس جہاں دنیا بھر سے لوگوں نے امداد دے کرکے تاریخ رقم کی، وہیں حکومتی عدم توجّہی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث امداد اصل متاثرین تک پہنچ ہی نہ سکی۔ حالاں کہ جمع ہونے والی رقم سے بستیوں کی جگہ کئی نئے شہر تعمیر کیے جاسکتے تھے،متاثرہ علاقوں میں صحت، تعلیم کا نظام بہتر بنایا جا سکتا تھا، لیکن… اُس وقت کی حکومت نے تباہ ہونے والے مکانات کے عوض فی کس 1,75000روپےاور قیمتی جانوں کے عوض ایک ،ایک لاکھ روپے متاثرین کو دئیے، لیکن یہ رقم قطعاً ناکافی تھی۔
نتیجتاً آج بھی کئی متاثرہ علاقوں میں لوگ عارضی ٹینٹس اور شیلٹر ہومز میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکومت نے زلزلے کے فوری بعدبالا کوٹ میں دوبارہ پختہ تعمیرات پر پابندی عاید کرتے ہوئے اعلان کیا تھاکہ ’’موجودہ شہر سے 23کلومیٹر دور ،بکریال کے مقام پر ’’نیو بالاکوٹ سٹی‘‘ تعمیر کرکے، متاثرین کو وہاں بسایا جائے گا۔‘‘ لیکن ایسا کچھ نہ ہوا۔ وفاقی حکومت کی ہدایات پر، اس کے ماتحت ، بحالی اور تعمیرِ نو کا کام کرنے والے ادارے، ’’ایرا‘‘ نے نیو بالا کوٹ سٹی بنانے کی حکمتِ عملی ضرورتیار کی ،جس کی وجہ سے علاقے میں مقامی ایکشن کمیٹیوں ، ضلعی انتظامیہ ایرا حکّام کے مذاکرات اور جرگوں کے انعقاد پر کافی بحث مباحثےتلخیاں بھی ہوئیں ۔ پھر اکتوبر 2006ء میں پریذیڈنٹ ریلیف فنڈ سے شہر کی آبادکاری کے لیےڈیڑھ ارب روپے کی بھاری رقم کے پی حکومت کو جاری بھی کی گئی اور اس سےگیارہ ہزار، چارسو چھتیس کنال ، انیس مرلے پرائیویٹ زمین حاصل کی گئی۔
بعد ازاں،جولائی 2007 ءمیں اس وقت کے وزیرِ اعظم شوکت عزیز نے اس نئے شہر کاافتتاح بھی کیا، کام بھی شروع ہوگیا، لیکن افتتاح کو 13سال گزرنے کے با وجود نیو بالاکوٹ سٹی تعمیر ہونا تودُور کی بات ،اُس کی طرف جانے والی سڑک تک نہ بن سکی اوراب تویہ منصوبہ مکمل طور پربند ہی ہوچُکا ہے ۔ اندازہ ہے کہ اس منصوبے پر اب تک ساڑھے پانچ ارب روپے سے زاید رقم خرچ ہو چُکی ہے ۔نیو بالاکوٹ سٹی منصوبے کو2011 ءتک مکمل کر کے بالاکوٹ کےقریباً 5,400 خاندانوں کو یہاں منتقل کرنا تھا، مگر پورا منصوبہ ہی مقامی نمائندوں کی نااہلی اور آتی جاتی حکومتوں کی کرپشن کی نذرہو گیا۔اور اب تونئے شہر کا قیام، خواب ہی بن کے رہ گیا ہے۔
سال 2018ءمیں مانسہرہ کے ایک شہری ،شہزاد محمود قریشی نےسپریم کورٹ میں ایک در خواست دائر کی،جس پراُس وقت کے چیف جسٹس، میاں ثاقب نثارنے زلزلہ متاثرین کے مسائل کے حل، حکومتی اداروں کی غیر تسلّی بخش کارکردگی ، اربوں روپے کی مبیّنہ کرپشن، منصوبوں میں تاخیر اور عدم تکمیل کے حوالے سے اَز خود نوٹس لیتے ہوئےزلزلے سے تباہ ہونے والے ضلع مانسہرہ اورتحصیل بالاکوٹ کا ہنگامی دَورہ کیا،تو متاثرین نے چیف جسٹس کے سامنے شکایات کے انبار لگا تے ہوئےبتایا کہ 13سال بعد بھی ان کے نقصانات کا ازالہ نہیں کیا گیا۔جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار ایرا حکاّم پر برس پڑے اور ان سے زلزلہ زدگان کے نام پر دنیا بھر سے آنے والی امداد کی تفصیلات مانگی۔اس وقت کے سیکرٹری خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ ’’بیرونِ ممالک سے 2.89 ارب ڈالرز امداد ملی۔
جب کہ اندرونِ مُلک سے ملنے والی امداد کا حساب موجود نہیں، ممکن ہے ایرا کے پاس معلومات ہوں۔‘‘ نمائندہ ایرا نے عدالت کو بتایاکہ ’’حکومت نے ایک ارب 90 کروڑ اور ڈونرز نے 100 ارب روپے دیئے، 10 ہزار 563 منصوبے زیر ِتعمیر ہیں،مگر منصوبوں کے لیے مزید 37ارب روپےکی رقم درکار ہے۔‘‘ نمائندہ ایرا کا مزید کہنا تھا کہ’’ سال 2006 ءسے اب تک انتظامی اُمور پر5 ارب 36 کروڑ روپے لگ چُکے ہیں۔‘‘جس پر سابق چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ ’’کیا پانچ ارب روپےمعمولی رقم ہے…؟‘‘ بعد ازاںسابق چیف جسٹس نے زلزلہ متاثرین کو یقین دلایا کہ اُن کی داد رسی کی جائے گی اور انصاف کے تقاضے بھی پورے کیے جائیں گے۔ لیکن سپریم کورٹ کےسابق چیف جسٹس کے واضح احکامات کے باوجودبھی نیو بالاکوٹ سٹی تعمیر نہ ہو سکی۔سپریم کورٹ نے تمام محکموں کو موقع دیا کہ وہ متاثرینِ بالاکوٹ کے مسائل حل کرنے کے لیےخود تجاویز پیش کریں۔
بعد ازاں، ان تجاویز کو ایم اویو میں عدالتی فیصلے کا حصّہ بھی بنایا گیا۔ کہاجاتا ہے کہ کمشنر مانسہرہ نے عدالت میں بیان دیا کہ’’ نیو بالاکوٹ سٹی یا نیو بکریال سٹی کے لیے پچانوے فی صد زمین پر قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے اور اگر ایرا اپنا کام دوبارہ شروع کردے ،تو انتظامیہ نہ صرف اسے مکمل تحفّظ فراہم کرے گی، بلکہ باقی قبضہ بھی ایرا کے سپرد کر دیا جائے گا۔‘‘ اسی طرح وفاقی وزارتِ خزانہ کے ڈپٹی سیکریٹری نے عدالت میں ایم اویو جمع کروایا کہ اگر ایرا اس کے لیے کام شروع کرے، تو وہ فوری طور پر ایک ارب روپے جاری کرنے کو تیار ہیں۔
وزارتِ خزانہ اور منصوبہ بندی کے اعلیٰ افسر نے عدالت کو بتایا کہ تاخیر کی وجہ سے منصوبے کی تعمیری لاگت میں بھی اضافہ ہو چکا ہے اوراب اس کا بجٹ بارہ ارب روپے سے بڑھ کر سولہ ارب تک پہنچ چُکا ہے۔ ان تمام کار روائیوں پر زلزلہ متاثرین بھی مطمئن تھے کہ اب تمام ادارے ایم او یو کی پاس داری اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریںگے۔ دوسری جانب، حکومت نے نیو بالاکوٹ سٹی کو صرف ایک بورڈ لگا کر’’سٹی آف ہوپ‘‘ کا نام تو دے دیا ،لیکن تاحال متاثرین کی کوئی ’’ہوپ‘‘ پوری نہ ہو سکی۔ریڈ زون بالاکوٹ کے ہزاروں متاثرین کے لیے بکریال کے مقام پر زیرِ تعمیر امیدوں کا یہ شہر، آج بھی ایک بے تعبیر خواب ہی ہے۔
اسی طرح اگر تعلیمی اداروں کی بات کی جائے تو اس میدان میں بھی کوئی خاطر خوا ہ کام نہیں ہوا۔ خیبر پختون خوا میں تحریکِ انصاف کی حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبے کو اپنی ترجیحات قرار دیتے ہوئے صوبے میں تعلیمی ایمرجینسی نافذکرنے کے اعلان کے ساتھ دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس شعبے میں نمایاں تبدیلی لائے گی، مگر صوبائی حکومت کا یہ اعلان بھی متاثرہ علاقوں کے بچّوں کے خوابوں کی تعبیر نہ بن سکا۔ ہزارہ ڈویژن کے زلزلے سے متاثرہ اسکولز کی بڑی تعداد آج بھی تعمیرِ نو سے محروم ہے۔ننّھے بچّے سخت موسموں میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں اور حکومتی دعوے صرف پریس کانفرنسز، جلوسوں اور تقریروں ہی کی حد تک نظر آتے ہیں۔
تعمیرِ نو کے منتظر اسکولز کے طلبہ ہر سال 8اکتوبر کو احتجاجی مظاہرے بھی کرتے ہیں اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ڈی چوک میں بھی احتجاج کر چُکےہیں ، لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگتی۔ 2010 ءمیں پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار میں پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں اُس وقت کے وفاقی وزیر، قمر زمان کائرہ نے صرف 6 ماہ میں زلزلہ متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تھی ۔
بعد ازاں، نون لیگ کی وفاقی حکومت نے بھی کئی دعوے کیے۔ پھر گزشتہ 7 سال سے صوبے میں تحریک ِانصاف کی حکومت ہے،مگر زلزلہ زدگان کے لیے کوئی ایک تعمیری سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ اسی وجہ سے آج بھی متاثرہ اسکولز ابتر حال میں ہیں۔تعمیرِ نو کے لیے بنائے جانےوالے اداروں کے لیےپوش علاقوں میں لاکھوں روپے ماہانہ کرائے پر عمارتیں ،دفاتر لیے گئے ، ملازمین بڑی بڑی تن خواہیں بھی لے رہے ہیں ،مگر کام کرنے میں کسی کو دل چسپی نہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب تک مقررہ میعاد میں آدھے منصوبے بھی مکمل نہیں ہوسکے۔
بالاکوٹ شہر کے عین وسط میں گورنمنٹ بوائز ہائی ا سکول ، اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ یہاں زلزلے میں شہید ہونے والے بچّوں کی قبریں بھی موجود ہیں۔ مگرآج بھی یہ عارضی شیلٹر میں چل رہا ہے، حالاں کہ اُس وقت کے وزیرِ اعظم، شوکت عزیز نے اس ا سکول کا دَورہ کیا ، طلبہ کی اجتماعی قبروں کی وجہ سے ا سکول کوبھرپور میڈیا کوریج بھی ملی اور یہاں ہر سال 8 اکتوبر کو ایک بڑی تقریب کا انعقاد بھی کیاجاتا ہے، لیکن اس کے باوجود آج تک اس اسکول کی تعمیرِ نو نہ ہو سکی۔دوسری جانب، زلزلے سے زمیں بوس ہونے والا تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال آج پندرہ سال کا طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود بھی دوبارہ تعمیر نہ ہو سکا۔
المیہ یہ ہے کہ اسپتال آج بھی چند کمروں پر مشتمل کرائے کےایک گھر میں چل رہا ہے اور جہاں سہولتوں کے سخت فقدان کے باعث زیادہ تر مریضوں کوعلاج کے لیے مانسہرہ یا ایبٹ آباد ہی جانا پڑتا ہے۔اسی طرح زلزلے میں متعدّد سرکاری عمارتیں بھی ملبے کا ڈھیر بن گئیں اورآج تک تعمیر نہ ہو سکیں،جن میں پولیس اسٹیشن ،پوسٹ آفس ،نادرا آفس اور عدالتوں کی اہم عمارتیں شامل ہیں۔ عوام کے منتخب نمایندے ہر سال سانحے کی برسی کے موقعے پر آتے ہیں اورجھوٹے وعدے کر کے چلے جاتے ہیں ،مگر متاثرین کاانتظارہے کہ ختم نہیں ہوتا۔
وہ آج بھی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ’’ حکومتیں توبدلتی ہیں، پر ہمارے حالات نہیںکہ سیکڑوں خاندان تاحال خستہ حال شیلٹرزمیں زندگی کے دن کاٹ رہے ہیں۔اگر متاثرینِ زلزلہ کے نام پر آنے والی اربوں روپے کی امداداُن تک پہنچ پاتی ، تو آج حالات مختلف ہوتے۔‘‘اس حوالے سے ہم نے بالا کوٹ زلزلہ متاثرین کی نمایندگی کرنے والے سپریم کورٹ کے وکیل، منیر حُسین لغمانی سے بھی بات چیت کی، تواُن کا کہنا تھا کہ ’’مَیں زلزلہ متاثرین کا کیس رضا کارانہ طور پر دیکھ رہا ہوں۔15 سال سے حکومت، عوام کو جھوٹے وعدوں کے علاوہ ه کچھ نہیں دے رہی۔
موجودہ حکومت سے پہلے تین حکومتیں برسرِاقتدار آچکی ہیں،ہر فورم پر بڑے بڑے دعوے کیےگئے، مگر کوئی عملی کام نہیں ہوا۔ جنوری 2019ء میںسپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایپیکس کمیٹی بنائی تھی، جس میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری بلدیات ، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر اور اور دیگر حکومتی نمایندے شریک ہوئے اور یقین دہانی کروائی کہ ایک مہینے کے اندر اندر دوبارہ کام شروع ہوجائےگا۔ مگر ڈیڑھ سال گزر نے کے با وجودکوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ یہ توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
سو، اب ہم توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے اور عدالت سے درخواست کریں گے کہ متاثرینِ زلزلہ کے نام پر جمع کیے گئے فنڈز کی خورد بُرد کی تحقیقات کروائی جائیں۔‘‘ منیر حُسین لغمانی کایہ بھی کہنا ہے کہ ’’بالاکوٹ کے عوام نے ان پندرہ سالوں میں کھویا تو بہت کچھ، مگر پایا کچھ نہیں۔ نہ تعلیمی نظام بہتر ہوا ،نہ صحت کی بنیادی سہولتیں میّسر آئیں اور نہ ہی واٹر سپلائی کا کوئی بندوبست ہوا۔ اس ساری صورتِ حال سے اندازہ ہوتا ہے کہ پندرہ برسوں سے زلزلہ متاثرین کے ساتھ صرف زیادتی ہو رہی ہے،یہاں تک کہ بالاکوٹ کے عوام کے لیے ملنے والی امداد مختلف ادوار میں دوسرے صوبوں میں تقسیم کر دی گئی ، جو سرا سر ظلم ہے۔‘‘