لندن (جنگ نیوز) لیسٹر ایسٹ سے لیبر کی رکن پارلیمنٹ کلاڈیا ویب پر ایک خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ ان پر ستمبر 2018 اور رواں سال اپریل کے درمیان ہراساں کرنے کا ایک الزام ہے۔ کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) نے کہا کہ 55 سالہ رکن پارلیمنٹ 11 نومبر کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش ہوں گی۔ مس کلاڈیا ویب نے کہا کہ وہ بے قصور ہیں اور وہ عدالت میں بھرپور طریقے سے اپنا دفاع کریں گی۔ سی پی ایس کے جینی ہاپکنز نے کہا کہ سی پی ایس نے آج فیصلہ کیا ہے کہ لیسسٹر ایسٹ کی رکن پارلیمنٹ کلاڈیا ویب پر ایک خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا جانا چاہئے۔ سی پی ایس نے یہ فیصلہ میٹرو پولیٹن پولیس سے شواہد کی فائل موصول ہونے کے بعد کیا۔ مس ویب دسمبر کے عام انتخابات میں لیسٹر ایسٹ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں اور ان سے پہلے کیتھ واز اس نشست پر منتخب ہوتے تھے۔ ویب 2010 اور 2018 کے درمیان ازلنگٹن نارتھ لندن میں کونسلر اور لیبر کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی ممبر بھی تھیں۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے کیریئر میں کین لیونگسٹن کی مشیر کی حیثیت سے بھی کام کیا تھا جب وہ لندن کے میئر تھے۔