اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مسلم لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے، سابقہ اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں، تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ حکومت نے اداروں کو بھی متنازع بنایا اور بدنام کیا۔ حکومت نے سول بالادستی ختم کی اور پارلیمنٹ کی عزت و وقار کا بھی جنازہ نکال دیا۔وزیراعظم کہتے ہیں کہ میری نہیں مافیاز کی حکومت ہے ، ملک میں آٹا چینی، لینڈ اور ڈرگ مافیاز حکومت سے طاقتور ہیں، نیب بھی اندھا ہے جو ایک آنکھ سے دیکھتاہے حکومت میں بیٹھے ہوئے لٹیرے اسے نظر نہیں آتے۔ وفاق نے صوبائی حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور رو رہاہے۔