قومی احتساب بیورو نے کراچی میں کاروائی کر کے پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنماء مخدوم امین فہیم کے بیٹے اور تعلقہ ہالا کے سابق ناظم مخدوم جلیل الزماں کو حراست میں لے لیا۔ ان پر کرپشن میں ملوث ایک سابق اکاؤنٹ افسر سے پیسے لینے کے الزامات ہیں۔
مخدوم جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے چھوٹے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں کے بھائی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الزام ہے کہ کرپشن میں ملوث سابق ایڈیشنل اکاؤنٹ افسر مشتاق احمد شیخ نے 12 اگست 2011 کو مخدوم جلیل الزماں کے اکاؤنٹ میں ساٹھ لاکھ روپے منتقل کئے جبکہ 14 اپریل 2015 کو ان ملزم نے پندرہ لاکھ روپے مخدوم جلیل الزماں کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے۔
نیب تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مشتاق شیخ نے 2015 میں ڈیفنس کراچی میں مخدوم جلیل الزماں کے برادر نسبتی کے نام پر خریدے گئے فلیٹ کی مد میں 75 لاکھ روپے ادا کئے۔
ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے مخدوم جلیل الزماں کو چار ستمبر کو طلب کیا تھا تاہم وہ نہیں پیش ہوئے۔
مخدوم خاندان کے فیملی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ اطلاع ملی ہے کہ مخدوم جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ کو کراچی کے علاقے سپرہائی وے کے قریب رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔