اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی جعلی بینک اکائونٹس کے پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے پارک لین ریفرنس کا ٹرائل فوری طور پر روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم امتناع کی درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آصف زرداری کی درخواست پر سماعت کی جس میں احتساب عدالت کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواست مسترد کرنے کے 10 اگست کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پارک لین کیس میں نیب یا احتساب عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا ، احتساب عدالت میں عدالتی دائرہ اختیار اور ریفرنس سے بریت کی درخواستیں دائر کیں۔