• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار احسن خان نے اداکاری کے ساتھ ساتھ شاعری بھی شروع کردی ہے، وہ اداکار کے بعد ایک شاعر بھی بن گئے ہیں۔

معروف تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر احسن خان نے اپنی ایک فوٹو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کالے رنگ کا تھری پیس سوٹ پہن رکھا ہے اور ساتھ ہی کالے رنگ کا چشمہ بھی لگایا ہوا ہےجبکہ اداکار کی اس فوٹو کو دیکھ کر ایسا بالکل بھی نہیں لگتا کہ وہ شاعر بن گئے ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں احسن خان نے ایک شعر لکھا ہے کہ:

’عاشقی میں میرؔ جیسے خواب مت دیکھا کرو،
باؤلے ہو جاؤ گے مہتاب مت دیکھا کرو

احسن خان کی جانب سےاپنی پوسٹ میں تحریر کیا جانے والا شعر دراصل اُن کا اپنا لکھاہوا نہیں ہے بلکہ وہ اُردو ادب کے سب سے بڑے شاعر’میر تقی میر‘ کی شاعری کا ایک شعر ہے۔

اداکار احسن خان نے 16 گھنٹے قبل اپنی یہ تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہے جسے اب تک 7 ہزار سے زائد صارفین لائیک کرچکے ہیں جبکہ مداحوں کی جانب سے تصویر پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ احسن خان آج کل جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’بندھے اک ڈور سے‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ ہم سب کی ڈور اُوپر والے کے ہاتھ میں ہے اور وہی ہم سب کا رب ہے، وہ جسے چاہتا ہے کامیابی عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتا ہے۔

اس ڈرامے کو فائزہ افتخار نے لکھا ہے جبکہ اس کی ڈائریکشن علی فیضان نے دی ہے اور سیونتھ اسکائی کے عبداللہ کادوانی پروڈیوسر ہیں۔

ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں اُشنا شاہ، حنا الطاف، ثمینہ احمد، نواز حسن، مدیحہ رضوی، علی رضوی ، قوی خان اور دیگر شامل ہیں۔ 

تازہ ترین