• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار احد رضا میر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی اہلیہ و اداکارہ سجل علی کا شکریہ ادا کیاہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر احد رضا میر نے اپنی گزشتہ روز منائی گئی سالگرہ کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اداکار کے سامنے اُن کی سالگرہ کا وہ خصوصی کیک رکھا ہوا ہے جو اُن کی اہلیہ سجل علی نے اُن کے لیے تیار کروایا تھا جبکہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ احد سے کیک کھانے کے لیے انتظار نہیں ہو رہا۔


احد رضا میر نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اپنے تمام چاہنے والوں کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے اُنہیں سالگرہ کی مبارکباد دی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘

اداکار نےاپنے مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’واقعی میرے مداح میری فیملی ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنی اہلیہ سجل علی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ سجل نے جو میرے لیے خصوصی کیک تیار کروایا تھا اُس کے جیسا کوئی دوسرا کیک نہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری زندگی کا حصہ بننے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘

واضح رہے کہ 29 ستمبر 1993ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے احد رضا میر نے دو روز قبل ہی اپنی سالگرہ منائی اور اس موقع پر سجل علی نے مداحوں کی خواہش پوری کرتے ہوئے شادی کے بعد پہلی مرتبہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر احد رضا میر کے ہمراہ تصویر پوسٹ کی۔


تصویر پوسٹ کرتے ہوئے سجل علی نے کیپشن میں لکھا تھا کہ میرے احد کو سالگرہ مبارک ہو، آپ ہمیشہ جگماتے رہیں۔

یاد رہے کہ سجل علی اداکار احد رضا میر سے رواں برس 14 مارچ کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

تازہ ترین