پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی انٹرنیشنل نوعیت کی باکسنگ چیمپئن شپ ہونے جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے باکسر عامر خان نے کہا کہ 3 اکتوبر سے اسلام آباد میں باکسنگ چیمپئن شپ ہورہی ہے، چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے انٹرنیشنل باکسر آئیں گے۔
باکسر عامر خان نے کہا کہ باکسنگ چیمپئن شپ میں پہلی فائٹ عثمان وزیر کی عالمی شہرت یافتہ باکسر سے ہوگی، عثمان وزیر کے لیے بہت بڑی بات ہے کہ وہ پہلی انٹرنیشنل فائٹ اپنے ملک میں لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئن شپ میں نادر بلوچ جیسے باصلاحیت باکسر بھی فائٹ کریں گے، آصف شاہ ہزارہ پہلے بھی انٹرنیشنل فائٹ کرچکے ہیں جبکہ یہ چیمپئن شپ اُن کے لیے نیا چیلنج ہوگا۔
عامر خان نے کہا کہ مڈل ایسٹ ایشیا کا صدر بن کر پاکستان میں باکسنگ کو فروغ دینے پرخوشی ہے، ہمیں باکسنگ کے لیے حکومتی سپورٹ کی ضرورت ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی ٹریننگ کے لیے پاکستان میں ہمیں خاتون ٹرینر درکار ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ذلفی بخاری کا شکریہ کہ جنہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد میں مدد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں باکسنگ چیمپئن شپ کے سب سے بڑے ٹائٹل کے بیلٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔
دوسری جانب پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کا بہت شکریہ جنہوں نے پاکستان میں آکر باکسنگ کو فروغ دیا۔
پاکستانی باکسر آصف شاہ ہزارہ نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ پاکستان کے لیے مزید فتوحات حاصل کروں جبکہ پاکستانی باکسر نادر بلوچ کا کہنا تھا کہ اُمید ہے باکسنگ کی ایسی چیمپئن شپ پاکستان میں ہوتی رہیں گی۔